اداکارہ مائرہ خان نے "ورنہ" کو کامیاب فلم قرار دے دیا


(24 نیوز): اداکارہ مائرہ خان نے "ورنہ" کو کامیاب فلم قرار دے دیا۔ کہتی ہیں فلم میں پاکستانی معاشرے کی گھٹن اور مایوسی کا اجاگر کیا گیا ہے۔ خواتین کو ہراساں کرنے کے خلاف اب آوازیں پوری دنیا میں اٹھ رہی ہیں۔ انہوں نے ملک میں جاری احتساب کی بھی حمایت کی۔

اداکارہ مائرہ خان نے بتایا کہ فلم"ورنہ"کی کہانی ایک ایسی خاتون کی کہانی ہے، جسے جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا گیا اور وہ انصاف کی تلاش میں ہے۔ فلم میں بتایا گیا ہے کہ صاحب اقتدار اور طاقت رکھنے والے افراد اپنے اختیارات کا کس طرح ناجائز استعمال کرتے ہیں۔ اب دنیا بھر میں خواتین کو جنسی طور پر ہراساں کئے جانے پر آواز اٹھائی جارہی ہے اور میرے خیال سے اب ہمیں اس مسئلہ پر کھل کر بات کرنے کی ضرورت ہے۔

انہوں  نے کہا کہ بھارتی اداکار رنبیر کپور کے ساتھ میرا ذاتی معاملہ ہے، لیکن میں ایک پبلک پراپرٹی بھی ہوں، اس لئے ان تصاویر پر لوگوں نے کھل کر بات کی۔

ماہرہ خان نےکہا کہ میرے خیال سے پاکستان میں گراس روٹ لیول پر تعلیم کو عام کرنا ہوگا۔