ایم کیو ایم ایک حقیقت ہے، کسی پارٹی میں ضم نہیں ہو رہی: فاروق ستار


کراچی (24 نیوز): متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر محمد فاروق ستار نے کہا کہ ایم کیو ایم پاکستان ایک حقیقت ہے اور کسی پارٹی میں ضم نہیں ہونے جا رہی۔ ہمارا ایجنڈا عوامی اور قومی ہے اور اسی سے ہم مہاجروں کی عزت قائم کرنا چاہتے ہیں ۔

 

تفصیلات کے مطابق محبان پاکستان اوورسیز متحدہ قومی موومنٹ پاکستان الریاض نے مردم شماری نا منظور کے عنوان سے ریاض کے ایک مقامی ہوٹل میں تقریب کا انعقاد کیا۔ جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے کارکنان کی بہت بڑی تعداد نے فیملیز سمیت شرکت کی۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محبان پاکستان اوورسیز گلف کے آرگنائزر کفیل صدیقی سمیت تنویر بھائی اور شعیب خان سمیت دیگر مقررین نے فاروق ستار کے شانہ بشانہ چلنے کے ساتھ ساتھ عزم اور یکجہتی کا اظہار کیا۔ اور کہا کہ نا صرف کراچی، سندھ بلکہ پورے پاکستان میں مردم شماری میرٹ پر کرائی جائے تاکہ لوگوں کے سوشل، تعلیمی اور علاقائی مسائل حل ہوسکیں۔

 تقریب سے رہنما ایم کیو ایم رئوف صدیقی نے ٹیلی فونک خطاب کرتے ہوئے کہا کہ مہاجر جہاں کہیں بھی ملک سے باہر مقیم ہیں وہاں کے قانون کا احترام کریں اسی میں ہمارے ملک کے وقار اور اوورسیز کی عزت بڑھے گی۔