ابو ظہبی ٹیسٹ کا دوسرا دن، قومی ٹیم 227 پر ڈھیر

ابو ظہبی ٹیسٹ کا دوسرا دن، قومی ٹیم 227 پر ڈھیر


ابوظہبی( 24نیوز ) پہلے ٹیسٹ کے دوسرے روز قومی ٹیم 227 پر آل آؤٹ، بابر اعظم کی شاندار ففٹی، ٹرینٹ بولٹ کے 4 شکار، نیوزی لینڈ نے دوسری اننگز میں 1 وکٹ کے نقصان پر 56 رنز بنا لیے۔

دوسرے دن  پاکستان نے نیوزی لینڈ کے خلاف اپنی پہلی اننگز  59 رنز  2 کھلاڑی آؤٹ سے آغاز کیا۔

  اظہر علی  اور حارث سہیل نے سکور کو   91 رنز  تک پہنچایا مگر دونوں اسی مجموعے پر آؤٹ ہوگئے۔اظہر علی ٹرینٹ بولٹ کا شکار بنے جبکہ حارث سہیل کو ایش سوڈھی نے آؤٹ کیا۔

اس موقع پر بابر اعظم اور اسد شفیق کے درمیان 81 رنز کی شراکت داری قائم ہوئی۔ 

تاہم اس کے بعد وقفے وقفے سے پاکستان کی وکٹیں گرتی رہیں اور پوری ٹیم 74 رنز کی سبقت کے ساتھ 227 رنز پر آؤٹ ہو گئی۔ پاکستان کی جانب سےبابر اعظم  62 رنز کے ساتھ نمایاں رہے جبکہ اسد شفیق نے 43 اور حارث سہیل نے 38 کی اننگز کھیلی۔ نیوزی لینڈ کے ٹرینٹ بولٹ نے  4 وکٹیں حاصل کیں جبکہ ڈی گرون ہوم اور اعجاز پٹیل نے 2،2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

نیوزی لینڈ کی دوسری اننگز  کا آغاز اچھا نہ تھا، دوسرے اوور کی پہلی گیند پر ٹام لاتھم بغیر کوئی رن بنائے حسن علی کا شکار بن گئے۔

تاہم دن کے اختتام تک نیوزی لینڈ نے مزید کو ئی نقصان اٹھائے 56 رنز بنا لیے۔ ابھی نیوزی لینڈ کو پاکستان کی پہلی اننگز کا خسارہ ختم کرنے کیلئے مزید 18 رنز درکار ہیں، جبکہ اسکی 9 وکٹیں ابھی باقی ہیں۔