پاکستان میں خوشی، بھارت میں غم


اسلام آباد( 24نیوز )سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھونے کہا ہے کہ ہم نے دو ،دو دریا بانٹ لئے، بھارت نے ایک قدم بڑھایا تو پاکستان دو قدم بڑھائے گا۔ دوسری جانب نوجوت سدھو  کے پاکستان آنے پر بھارتی میڈیا تلملا اٹھا۔
میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا ہے کہ محبت کا پیغام ہندوستان سے لایا ، پاکستان جیوے ،سارا جہان جیوے،میں تو عمران خان کو سونا مانتا ہوں،2004میں کمنٹری کرنے پاکستان آیا تھا آج ایک بار پھر آیا ہوں۔

وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں میں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھارتی مہمان نوجوت سنگھ سدھو کی ملاقات ہوئی۔ آرمی چیف نے بھارتی مہمان کو گلے لگایا۔ آرمی چیف نے بھارتی مہمان کے ساتھ پنجابی میں گفتگو کی ۔ نوجوت سنگھ سدھو کا کہنا ہے کہ پاکستانی بڑے ہی محبت کرنے والے لوگ ہیں۔ آرمی چیف کی باتیں بہت اچھی تھیں،دل کو لگیں.

بھارتی کرکٹرنوجوت سنگھ سدھوکی عمران خان کی تقریب حلف برداری میں شرکت پر  بھارتی میڈیا کو ایک آنکھ نہ بھائی.بھارتی میڈیا کی تنقید کا سدھو نے خود منہ توڑ جواب دے ڈالا،بھارتی کرکٹرنے ٹویٹ کیا عمران خان 2023میں بھی وزیراعظم بنا توپھرپاکستان آؤں گا اورحلف برداری کی تقریب میں شرکت کروں گا،سدھو نے لکھا دوست وہی ہوتا جودوست کی خوشی میں شریک ہو، سدھو صاحب کے مزاح سے کون واقف نہیں، انہوں نے مزاح میں اپنے دوست عمران خان کوبھی نہ بخشا، تقریب کے دوران حلف کا متن پڑھنے کیلئے عینک نکالی تواس پرسدھو نے ٹویٹ کیاکہ وہ سمجھے شاید خان بندوق نکالنے لگا ہے، نوجوت سنگھ سدھو کیساتھ سنیل گواسکر،کپل دیواورعامرخان کوبھی مدعوکیا گیاتاہم وہ مصروفیات کے باعث نہ آسکے۔
سابق بھارتی کرکٹر نوجوت سنگھ سدھو وزیر اعظم کی تقریب حلف برداری میں شرکت کیلئے گزشتہ لاہور پہنچے تھے آج انہوں تقریب میں شرکت کی۔

یاد رہے کہ تحریک انصاف کی جانب سے متوقع وزیراعظم عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں شرکت کے لیے تین بھارتی سابق کرکٹرز کو دعوت دی گئی تھی تاہم کپل دیو اور سنیل گواسکر نے ذاتی مصروفیات کے باعث آنے سے معذرت کی تھی، نوجوت سنگھ سدھو نے عمران خان کی حلف برداری کی تقریب میں مدعو کیے جانے کو اعزاز قرار دیا اور بھارتی میڈیا کی جانب سے شدید تنقید کے باوجود انہوں نے پاکستان آنے کا فیصلہ کیا۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔