پشاور: خواجہ سراؤں پر فائرنگ، تشدد کرنے والا ملزم گرفتار


پشاور (24 نیوز) صوبائی دارالحکومت میں خواجہ سراؤں پر تشدد اورفائرنگ کرنے والے ملزم ذیشان کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم سےتفتیش جاری، جرم کا اعتراف۔

تفصیلات کے مطابق پشاورپولیس نے گل بہارمیں کارروائی کے دوران خواجہ سراؤں پر تشدد اور فائرنگ کرنے والے ملزم ذیشان کو گرفتار کر لیا۔ ڈبگری گارڈن کےرہائشی ملزم ذیشان نے گزشتہ دنوں خواجہ سراؤں پر اس وقت فائرنگ کی اور انہیں تشدد کا نشانہ بنایا جب وہ مردان میں ایک تقریب کے بعد پشاور آ رہے تھے۔

ملزم نے اعتراف جرم کرتے ہوئے بتایا کہ ایک خواجہ سرا کے ساتھ اس کا ذاتی معاملہ چل رہا تھا۔ جبکہ پولیس ذرائع کے مطابق ملزم کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ اس کے خلاف قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔

واضح رہے کہ ابتدائی تفتیش اورماضی کےایک مقدمہ کے مطابق ملزم نوشہرہ کے تھانہ اذا خیل کو بھی ڈکیتی کیس میں مطلوب ہے۔