میاں نواز شریف کو رہائی نہ مل سکی، سماعت ملتوی

میاں نواز شریف کو رہائی نہ مل سکی، سماعت ملتوی


اسلام آباد(24نیوز) میاں نواز شریف کی سزا معطلی کی درخواست پر سماعت 20 فروری تک ملتوی کر دی گئی،خواجہ حارث آئندہ سماعت پر بھی دلائل جاری رکھیں گے، عدالت نے میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق حتمی رپورٹ طلب کرلی۔

 جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اختر پرمشتمل اسلام آباد ہائیکورٹ کے2 رکنی بینچ نے میاں نواز شریف کی سزا کے خلاف اپیلوں اور سزا معطلی کی درخواست پر سماعت کی۔حکومتی نمائندے نے عدالت کو بتایا کہ اسپیشل میڈیکل بورڈ کی سفارشات پر نواز شریف کو جناح اسپتال منتقل کیا گیا، اسپیشل بورڈ کےعلاوہ میڈیکل بورڈ کی تشکیل میں وزارت داخلہ کا عمل دخل نہیں۔

عدالت کے استفسارپرخواجہ حارث نےبتایا کہ میاں نوازشریف کو میڈیکل بورڈاورعلاج پر تحفظات ہیں، مرض دل کا ہے اور جناح اسپتال میں اس شعبے کا ماہر موجود نہیں،عدالت کے استفسار پر محکمہ داخلہ پنجاب کے نمائندہ نے بتایا کہ میاں نواز شریف کی صحت سے متعلق حتمی رپورٹ کب مکمل ہوگی کچھ کہنا قبل ازوقت ہے۔

طبی بنیادوں پر درخواست ضمانت کی سماعت 20 فروری جبکہ فلیگ شپ ریفرنس کے خلاف نیب کی اپیل پر سماعت 2 اپریل تک ملتوی کردی گئی،العزیزیہ ریفرنس میں میاں نوازشریف کی مرکزی اپیل اورسزا بڑھانے کی نیب کی اپیل پرسماعت 9 اپریل تک ملتوی کردی گئی۔

وقار نیازی(Waqar Niazi)

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔