"کشمیریوں کو ان کا حق ملتا تو پلوامہ جیسے واقعات پیش نہ آتے"



میونخ(24 نیوز)  چیئرمین پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہے کہ اگر کشمیریوں کو ان کا حق ملتا تو پلوامہ جیسے دہشت گردی کے واقعات پیش نہ آتے۔

جرمنی کے شہر میونخ میں منعقدہ سیکیورٹی کانفرنس کے موقع پر میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ بھارت کی جانب سے پاکستان پر لگائے گئے الزامات جذباتی نوعیت کے ہیں۔ دہشت گردی کے معاملے پر پاکستان ایک واضح مؤقف رکھتا ہے، دہشت گردی کی نہ تو حمایت کرتے ہیں اور نہ ہی دہشت گردی چاہتے ہیں۔

چیئرمین پیپلز پارٹی نے سعودی ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کی پاکستان آمد پر انہیں خوش آمدید کہا اور کہا کہ چاہتے ہیں کہ پاکستان کی خارجہ پالیسی خطے کے حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے وسیع تر بنیادوں پر طے کی جانی چاہیے۔  بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم سے مخاطب ہو کر کہا کہ بہتر ہوتا اگر وزیراعظم خارجہ پالیسی میں پارلیمان کی رائے شامل کرتے، سعودی ولی عہد کے دورے کے معاملے پر وزیراعظم نے اپوزیشن کو باہر رکھا، اس کے باوجود اپوزیشن جماعتوں نے اس معاملے پر سیاست نہیں کی۔

بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ خارجہ پالیسی ہو یا اقتصادی، حکومت کا منصوبہ واضح نہیں ہے، ہر فیصلے پر 'یو ٹرن' لینے سے نہ تو معیشت چلتی ہے، نہ ہی ریاست اور نہ ہی سیاست۔ 

بلاول بھٹو زرداری نے مزید  کہا کہ ان کی جماعت وائٹ پیپر کی تیاری پر کام کر رہی ہے جسے جلد عوام کے سامنے پیش کیا جائے گا، چیئرمین پیپلز پارٹی نے وزیراعظم عمران خان کو مشورہ دیا کہ مفاہمت کی سیاست کریں اور اپوزیشن موڈ سے نکل کر حکومتی ذمہ داری قبول کریں، حکومت کو اپوزیشن جماعتوں کے ساتھ مل کر ملک کے مسائل کا حل نکالنا چاہیے۔