سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری

سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری


اسلام آباد(24نیوز) سعودی ولی عہد کے دورہ پاکستان کا مشترکہ اعلامیہ جاری کر دیا گیا، اعلامیہ کے مطابق دونوں ممالک نے دفاع و سلامتی کے شعبے میں تعلقات بڑھانے اور دہشتگردی کیخلاف جدوجہد جاری رکھنے پر اتفاق کیا.

  سعودی ولی عہد کے 2 روزہ دورہ پاکستان کے مشترکہ اعلامیہ کے مطابق شہزادہ محمد بن سلمان کے دورہ پاکستان کو پاک سعودی تعلقات میں نئے باب کا آغاز قراردیا گیا، دونوں ممالک کے درمیان مختلف شعبوں میں باہمی اقتصادی تعاون کومزید فروغ دینے پراتفاق ہوا جبکہ سپریم رابطہ کونسل کے قیام کو بھی اہمیت کا حامل قرار دیا گیا۔

وزیراعظم نے ملک کو ترقی کی راہ پر ڈالنے کے سعودی قیادت کےاقدامات کی تعریف کی اور سعودی قیادت کے ترقی اور خوشحالی کے ویژن 2030ء کو سراہا، سعودی ولی عہد نے وزیراعظم عمران خان کی فلاحی ریاست کے ویژن کو سراہتے ہوئے سماجی و اقتصادی ترقی کیلئے تعاون جاری رکھنے پر اتفاق کیا۔

سعودی عرب نے اسلامی دنیا میں دہشتگردی اورانتہا پسندی کے خاتمے میں پاکستان کے کردار تعریف کی، سعودی عرب نے علاقائی امن و سلامتی کیلئے پاکستان کی کوششوں اور قربانیوں کو بھی سہراہا ہے۔

سعودی قیادت نےوزیراعظم کی جانب سے بھارت کو مذاکرات کی پیش کو سراہا،سعودی عرب نے پاکستان کی جانب سے کرتارپور راہداری کھولنے کے فیصلے کی تعریف کی،مشترکہ اعلامیہ میں علاقائی امن واستحکام اوردوطرفہ مسائل کو مذاکرات کے ذریعے حل کرنے پر بھِی زوردیا گیا.

پاکستان اور سعودی عرب نے آزاد فلسطینی ریاست کے قیام کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ فلسطین کو 1967 کے معاہدوں کے مطابق آزاد ریاست تسلیم کیا جائے، وزیراعظم نے مقبوضہ کشمیر سے متعلق سعودی قیادت کو بریفنگ دی۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔