برطانوی شاہی جوڑے میگن اور ہیری کی شادی کی تیاریاں مکمل


لندن(24نیوز) شاہی جوڑے کی شادی کی تمام تیاریاں مکمل ہو چکی ہیں ، یہ شادی تاریخ کی دس مہنگی ترین شادیوں میں سے ایک قرار دی جا رہی ہے جس پر ایک اندازے کے مطابق 42 ملین ڈالر کی رقم خرچ ہو گی، یہ تمام خرچہ شاہی خاندان خود برداشت کرے گا۔

برطانوی شاہی جوڑے کی شادی ونڈسر کے سینٹ جارج چیپل میں ہو رہی ہے، سینٹ جارج چیپل میں 800 افراد کی گنجائش ہے اور 600 مہمانوں کو دعوت نامے جاری کر دیئے گئے ہیں،  تاہم شاہی مہمانوں میں برطانیہ کی وزیر اعظم تھیریسا مے اور لیبر پارٹی کے سربراہ جیریمی کوربن شامل نہیں ہوں گے کیونکہ سیاستدانوں کو مدعو نہیں کیا گیا ہے۔

پڑھنا مت بھولیں: کانزفیشن فلمی میلہ میں ملیکہ شراوت کا انوکھا احتجاج 

شادی کی تقریب میں شہزادہ ہیری کے بڑے بھائی شہزادہ ولیم، اُن کے بیسٹ مین ہوں گے جبکہ میگن نے اپنی قریبی سہیلیوں میں سے کسی کو بھی برائڈز میڈ کیلئے منتخب نہیں کیا ہے کیونکہ وہ نہیں چاہتیں کہ اُن کے سہیلیوں میں سے کسی کو برتر یا کم تر قرار دیا جائے۔


میگن کی والدہ لندن پہنچ چکی ہیں اور وہ وہ شادی سے پہلے ملکہ الزبتھ ، شہزادہ فلپ، شہزادہ چارلز اور اُن کی بیگم سے ملاقات کریں گی۔ تاہم میگن کے والد ٹامس مارکل ان دنوں عارضہ قلب میں مبتلا ہونے کی وجہ سے میکسیکو کے ایک ہسپتال میں داخل ہیں،  لہذا وہ شادی میں شرکت نہیں کر یں گے۔

یہ بھی پڑھیں: فلم انڈسٹری کے اندراورباہردونوں جگہ جنسی ہراساں کیا گیا: ہما قریشی 

شاہی محل کی جانب سے بتایا گیا کہ ملکہ الزبتھ کے شوہر شہزادہ فلپ بھی شادی کی تقریب میں شریک ہوں گے،حال ہی میں اُن کے کولہے کی سرجری ہوئی تھی اور خدشہ ظاہر کیا جا رہا تھا کہ وہ شاید شادی میں شرکت نہ کر پائیں۔

چیپل میں شادی کی رسم ختم ہونے کے بعد نو بیاہتا شاہی جوڑا ایک بگھی میں سوار ہو کر ونڈسر کے گرد چکر لگائے گا جہاں عام لوگ اُنہیں دیکھ سکیں گے۔

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔