اسحاق ڈار نے قوم کی خدمت کی ہے اور وہ واپس آئیں گے: حمزہ شہباز شریف

اسحاق ڈار نے قوم کی خدمت کی ہے اور وہ واپس آئیں گے: حمزہ شہباز شریف


 لاہور (24 نیوز): مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز شریف کی حلقہ کے لیگی کارکنان حاجی طارق بٹ مرحوم اور رفیق گڈو بٹ مرحوم کے گھر آمد، اہل خانہ سے اظہار تعزیت کی۔

 

مسلم لیگ ن کے سینئر رہنما حمزہ شہباز شریف نے حلقہ کے لیگی کارکنان کے گھر جا کر اہلخانہ سے اظہار افسوس اور فاتحہ خوانی کی۔ نیب کی جانب سے میاں نواز شریف اور ان کے بچوں کے نام ای سی ایل میں ڈالنے پر ان کا کہنا تھا کہ انصاف کے تقاضے پورے ہونے چاہیں، متعدد فیصلوں پر ان کو تحفظات ہیں۔

 

لیگی رہنما حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ اسحاق ڈار نے قوم کی خدمت کی ہے اور وہ واپس آئیں گے۔ حدیبیہ پیپر مل کیس کو دوبارہ اوپن کرنے کے حوالے سے انہوں نے کہا کہ جب وہ طالبعلم تھے تب چھ ماہ اسی کیس میں جیل رہے تھے۔ ان کا دامن صاف ہے اور وہ سرخرو ہوں گے۔

 

مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہباز شریف کا کہنا تھا کہ میاں نواز شریف کی قیادت میں ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہے۔ شریف خاندان میں اختلافات کی باتیں پرانی ہیں۔ حمزہ شہباز شریف نے حلقہ کے کارکنان کے مسائل بھی سنے۔

 

اس موقع پر ڈپٹی میئر چودھری وسیم قادر، سید غلام دستگیرشاہ، چودھری رحمت، میاں جمیل، وسیم شیرخان، ولید شیرخان، یونس خان، ہاشم سعید، عابد چودھری، حافظ عطاالرحمان جٹ، محسن امان بٹ اور وقاص بٹ سمیت دیگر بھی موجود تھے۔