سپریم کورٹ نےوزیر اعظم عمران خان کو کلین چٹ دے دی

سپریم کورٹ نےوزیر اعظم عمران خان کو کلین چٹ دے دی


اسلام آباد(24نیوز)سپریم کورٹ نے ایک بار پھر وزیر اعظم عمران خان کو صادق و امین قرار دے دیا،وزیر اعظم کی اہلیت کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی نظرثانی درخواست مسترد کردی گئی۔

چیف جسٹس پاکستان جسٹس میاں ثاقب نثار نے وزیراعظم عمران خان کی اہلیت کے عدالتی فیصلے کے خلاف مسلم لیگ (ن) کے رہنما کی نظرثانی درخواست پر سماعت کی،عدالت نے حنیف عباسی کے وکیل اکرم شیخ کے دلائل سننے کے بعد فیصلے میں قرار دیا کہ وکیل اکرم شیخ نے کہا کہ عدالت نے حقائق کو نظرانداز کیا تاہم درخواست میں کوئی ایسے قانونی نکات نہیں اٹھائے گئے جس پر نظر ثانی کی جائے۔

عدالت نے کہا کہ اکرم شیخ کے مطابق عدالت سے گزشتہ فیصلے میں غلطیاں ہوئیں تاہم ہماری رائے کے مطابق حنیف عباسی کی درخواست میں وزن نہیں اس بنا پر نظر ثانی درخواست مسترد کی جاتی ہے۔

یاد رہے کہ سپریم کورٹ نے 15 دسمبر 2017 کو حنیف عباسی کی عمران خان اور جہانگیر ترین کی نااہلی کی درخواست پر فیصلہ سناتے ہوئے چیئرمین تحریک انصاف عمران خان کو اہل اور جہانگیر ترین کو نااہل قرار دیا تھا۔