پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت، کلبھوشن زندہ ثبوت ہے: ترجمان دفتر خارجہ

پاکستان میں دہشتگردی کے پیچھے بھارت، کلبھوشن زندہ ثبوت ہے: ترجمان دفتر خارجہ


اسلام آباد( 24نیوز )ترجمان دفترخارجہ کا کہنا ہے کہ امریکہ میں تعینات پاکستانی سفارتکاروں کی آزادانہ نقل و حرکت پر پابندی سے متعلق امریکی حکام سے رابطے میں ہیں، سکھ یاتریوں کو بھارتی ہائی کمشنر سے ملنے سے روکنے کے اقدامات بے بنیاد ہیں، بھارتی وزارت خارجہ نے حقائق کو مکمل طور پر مسخ کر کے پیش کیا۔
ترجمان دفترخارجہ ڈاکٹر محمد فیصل نے ہفتہ وار نیوز بریفنگ میں بتایا کہ بھارت کی جانب سے سرجیکل سٹرائیک کی کھلے عام تردید کر چکے ہیں، بار بار جھوٹ دہرانے سے جھوٹ سچ نہیں بن جاتا۔ پاکستان کی حراست میں موجود کمانڈر کلبھوشن یادیو اس بات کا ثبوت ہے کہ کون دہشتگردی کررہا ہے، متروکہ وقف املاک بورڈ کے سیکرٹری نے بھارتی ہائی کمشنر کو گوردوارہ پنجہ صاحب میں بیساکھی کی مرکزی تقریب میں شرکت کی دعوت دی تھی۔

یہ بھی پڑھیں:وزیر اعظم بننے کی جلدی نہیں،مشرف قاتل ہی نہیں غدار بھی ہے:بلاول
ترجمان نے بتایا کہ گزشتہ ہفتے کرم ایجنسی میں افغانستان کی جانب سے پاک فوج پر بلااشتعال فائرنگ کی گئی جس کے نتیجے میں پانچ جوان شہید ہوئے اور ایک سپاہی کو اغوا کرلیاگیا لیکن پاکستان نے اس مرحلے پر انتہائی تحمل کا مظاہرہ کیا۔
ڈاکٹر محمد فیصل نے کہا کہ وزیرخارجہ تیئس اور چوبیس اپریل کو شنگھائی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کریں گے، شام کی صورتحال پر شدید تحفظات ہیں، پاکستان کسی بھی جگہ کیمیائی ہتھیاروں کے استعمال کیخلاف ہے-