این اے 154:الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا

این اے 154:الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا
Channel 24-EC


اسلام آباد (24 نیوز) پاکستان تحریک انصاف کے سابق جنرل سیکرٹری جہانگیر ترین خان کی تاحیات نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 154 میں ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کر دیا، این اے 154 میں پولنگ 12 فروری 2018 کو ہوگی۔

پی ٹی آئی کے سینئر رہنما جہانگیر ترین خان کی تاحیات نااہلی کے بعد الیکشن کمیشن نے این اے 154 کے ضمنی انتخاب کا شیڈول جاری کردیا، امیدوار کاغذات نامزدگی 26 سے 28 دسمبر تک جمع کرا سکیں گے، امیدواروں کے نام 29 دسمبر کو آویزاں کیے جائیں گے، امیدواروں کے کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 5 جنوری 2018 کو کی جائے گی۔

ریٹرننگ افسر کے فیصلے کے خلاف امیدوار اپیلیں 9 جنوری کو دائر کرا سکیں گے، ایپلیٹ اپیلوں کو 15 جنوری 2018 کو نمٹائیں گے۔ این اے 154 کے امیدواروں کی حتمی فہرست 16 جنوری 2018 کو جاری کی جائے گی، امیدواروں کو 18 جنوری 2018 کو انتخابی نشان الاٹ کیے جائیں گے، حلقے میں پولنگ 12 فروری 2018 کو ہو گی۔