عمران خان کرکٹر،ہرچیز کا ری پلے کرتا ہے:طلال چوہدری کا شادی پر دلچسپ تبصرہ


اسلام آباد(24نیوز)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے چیئرمین عمران خان کی تیسری شادی کی تصدیق کے بعد پاکستان مسلم لیگ نواز کے رہنما اور وزیر مملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا ہے کہ خان صاحب خبر پر ہی سچ بول دیتے، اچھا کام کیا تھا، چھپانے والی یا جھوٹ بولنے والی کیا بات تھی،یہ کرکٹر ہے ہر چیز کا ری پلے کرتا ہے۔

سابق وزیراعظم نواز شریف کی جانب اشارہ کرتے ہوئے طلال چوہدری نے کہا کہ کسی کی قسمت میں تین مرتبہ وزارت عظمیٰ کی شیروانی تھی اور کسی کی قسمت میں شادی کی تین شیروانیاں تھیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ عمران خان نے کسی کا گھر توڑنے کے بعد اپنا گھر بسالیا، انہیں اپنی عمر کا خیال کرنا چاہیے تھا،دیکھنا یہ ہے کہ وزیراعظم بننے کیلئے شادی کی ہے یا گھر بسانے کیلئے۔

ادھر وزیر ریلوے سعد رفیق نے عمران خان کو شادی کی مبارک باد دیتے ہوئے کہا کہ اللہ کریم عمران خان کو ازدواجی زندگی میں آسانیاں اور برکت عطا فرمائے۔