اسلام آباد یونائیٹڈ نے پی ایس ایل تھری کے فائنل میں جگہ بنا لی


دبئی(24نیوز): اسلام آباد یونائیٹڈپی ایس ایل تھری کےفائنل میں پہنچ گئی، اسلام آباد کے بلے بازوں نے کراچی کے باؤلر کی درگت بنا ڈالی۔ کراچی نے155رنز کا ہدف دیا، جواب میں اسلام آبادکی ٹیم نےہدف13ویں اوورمیں حاصل کرلیا۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان سپر لیگ تھری کے پلے آف مرحلے کے پہلے کوالیفائنگ میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے کراچی کنگز کو شکست دیکر فائنل میں رسائی حاصل کرلی۔ کراچی کنگز نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 155 رنز کا ہدف حاصل کیا جسے اسلام آباد یونائیٹڈ نے 2 وکٹوں کے نقصان پر 13ویں اوور میں پورا کرلیا۔

کراچی کی طرف سے دیے گیے ہدف کو پورا کرنے کے لئے اسلام آباد یونائیٹڈ کی جانب سے اننگز کا آغاز لیوک رونچی اور صاحبزادہ فرحان نے کیا، دونوں کھلاڑیوں نے جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 4 اوورز میں 69 رنز بناڈالے، اوپنرز لیوک رونچی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے صرف 19 گیندوں پر اب تک کھیلے گئے پی ایس ایل کے تمام سیزن کی تیز ترین نصف سنچری بنائی۔ دونوں اوپنرز نے صرف 42 گیندوں پر 91 رنز کی اوپننگ شراکت قائم کی تاہم صاحبزادہ فرحان 29 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے۔اگلے آنے والے کھلاڑی سمت پٹیل نے رونچی کاساتھ دیا اور بہترین انداز سے کھیلے ، لیوک رونچی نے صرف 39 گیندوں پر 94 رنز کی شانداز اننگز کھیلی اور ناقابل شکست رہے، رونچی نے اننگز میں 12 چوکے اور 6 چھکے لگائے جس کی بدولت اسلام آباد نے مقررہ ہدف 13 ویں اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر پورا کرلیا۔

کراچی کنگز کی جانب سے اننگز کا آغاز خرم منظور اور جوئے ڈینلی نے کیا تھا۔ اوپنرخرم منظور صرف 17 کے مجموعی اسکور پر محمد سمیع کی گیند پر آؤٹ ہوگئے تھے جب کہ کچھ ہی دیر بعد ون ڈاؤن آنے والے بابر اعظم بھی بغیر کوئی رن بنائے پویلین واپس لوٹ گئے۔کپتان این مورگن نے ٹیم کو سنبھالنے کی کوشش کی تاہم وہ بھی صرف 21 رنز بناکر آؤٹ ہوگئے جس کے بعد اوپنر جوئے ڈینلی اور کولن انگرام نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 82 رنز کی شراکت قائم ہوئی، جوئے ڈینلی نے نصف سنچری مکمل کرتے ہوئے 51 رنز بنائے تاہم بدقسمتی سے وہ فہیم اشرف کی گیند پر شاٹ کھیلتے ہوئے پاؤں وکٹ پر مار بیٹھے اور ہٹ وکٹ کا شکار ہوگئے۔ کولن انگرام نے بھی جارحانہ انداز اپنایا اور صرف 30 گیندوں پر نصف سنچری اسکور کرتے ہوئے 68 رنز کی اننگز کھیلی جس کی بدولت کراچی کنگز نے مقررہ اوورز میں 4 وکٹوں کے نقصان پر 154 رنز بنائے۔

اسلام آباد کی ٹیم ہدف13ویں اوورمیں حاصل کرتے ہوئے ایس ایل تھری کےفائنل میں پہنچ گئی۔ کراچی کی اہم ترین میچ میں ناقص فیلڈنگ اسے لے ڈوبی۔ کراچی کنگزدوسرےالیمینیٹرمیں دوبارہ قسمت آزمائے گی۔