عدالتی فیصلے میرے اور عوام کے تعلق کو توڑ نہیں سکتے: نواز شریف

عدالتی فیصلے میرے اور عوام کے تعلق کو توڑ نہیں سکتے: نواز شریف


 (ایبٹ آباد): سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ وہ جیل سے ڈرتے ہیں نہ موت سے، کیا چارپانچ لوگ ملک کی قسمت کا فیصلہ کرسکتے ہیں، ان کیخلاف ایک پائی کی بھی کرپشن تلاش نہیں کی جاسکی۔ سابق وزیراعظم ایبٹ آباد میں جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔

تفصیلات کے مطابق ایبٹ آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے نوازشریف کا کہنا تھا کہ عوام کو دیکھ کر 2013 کا دور یاد آرہا ہے، اس وقت بھی عوام نے اسی محبت کا اظہار کیا تھا اور آج بھی عوام اسی جذبے سے مجھ سے دلی محبت رکھتے ہیں اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عدالتی فیصلے میرے اور عوام کے تعلق کو توڑ نہیں سکتے۔

نوازشریف کا کہنا تھا کہ 2013 سے قبل بجلی کی لوڈ شیڈنگ عروج پر تھی امن و امان کی صورتحال بدتر ہونے کی وجہ سے ملکی معیشت ڈوب رہی تھی لیکن ہم نے عوام کو امن کا تحفہ دے کر بیرونی سرمایہ کاری لائی اور بجلی کے نئے منصوبے لگا کر عوام کو لوڈشیڈنگ کی مصیبت سے چھٹکارا دلایا،  پورے ملک بالخصوص ایبٹ آباد میں سڑکوں کا جال بچھا دیا گیا ہے ہم نے عوام کی خدمت کرکے عوام کی محبت سمیٹی ہے۔ 70سال سےکبھی راہزنوں سے سوال نہیں کیا گیا،بلکہ راہزنوں کی راہزنی کو جواز فراہم کیا گیا، اسی لئے جمہوریت ڈی ریل ہوتی رہی۔