شہر قائد کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مشن جاری

شہر قائد کو تجاوزات سے پاک کرنے کا مشن جاری


کراچی ( 24 نیوز ) شہر قائد میں تجاوزات کے خلاف گرینڈ آپریشن تیسرے مرحلے میں داخل ہوگیا ، ایمپریس مارکیٹ کے بعد اب لائٹ ہاؤس میں بھی تجاوزات کا صفایا شروع کردیا گیا ۔ لائٹ ہاؤس میں آپریشن کے دوران دو سو سے زائد دکانیں مسمار کی جائیں گی ۔

تفصیلات کے مطابق کے ایم سی کی بھاری مشینری نے کے تجاوزات ہٹانے کے لئے لائٹ ہاؤس کا رخ کرلیا، کے ایم سی انتظامیہ کی جانب سے لائٹ ہاوس کے دکانداروں کو صبح 11 بجے تک دکانیں خالی کرنے کی وارننگ دی گئی تھی  تاہم انتظامیہ نے وارننگ کی مہلت دو گھنٹے بڑھادی، آپریشن کے دوران لائٹ ہاؤس میں غیر قانونی طور پر قائم دکانوں کو مسمار کیا گیا ۔

دوسری جانب دکاندار کہتے ہیں کہ ہمارا کے ایم سی کے ساتھ باضابطہ معاہدہ تھا، جس کے تحت انہیں کرایہ بھی ادا کرتے تھے، دکانیں مسمار کرنے سے قبل انہیں ایک ماہ کا نوٹس دینا چاہیےتھا۔

واضح رہے کہ 1954 میں قائم ہونے والے لائٹ ہاؤس میں تجاوزات کے خلاف آپریشن کے دوران 200 سے زائد دکانیں مسمار کی جائیں گی،  اس سے قبل کراچی میں ایمریس مارکیٹ میں آپریشن کے دوران ایک ہزار سے زائد دکانیں مسمار کی گئی تھیں۔