ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کی شامت

ناقص اشیاء فروخت کرنے والوں کی شامت


24نیوز: شہریوں کو ناقص اشیا کھلانے والوں کی شامت آگئی،کراچی میں سندھ فوڈ اتھارٹی نے کارروائی کرتے ہوئے ناقص گوشت برآ مد کر لیا،گوجرانوالا میں پنجاب فوڈ اتھارٹی نے دو لاکھ سے زائد مزید گندے انڈے تلف کر دئیے،جبکہ لاہور میں مضر صحت دودھ کے خلاف بھی ایکشن کی ٹھان لی۔

پنجاب اور سندھ میں شہریوں کی صحت سے کھیلنے والوں کے خلاف ایکشن،دونوں صوبوں کی فوڈ اتھارٹیز نےکارروائیوں کو تیز کردیا،جو مضر صحت اشیا فروخت کرے گا بھاری جرمانہ ادا کرے گا۔کراچی میں سندھ فوڈاتھارٹی نےایمپرسس مارکیٹ میں کارروائی کرتے ہوئے بھاری مقدار میں ناقص گوشت برآمد کرلیا، ڈائریکٹر ایس فوڈ اے کے مطابق 2500 کلو گوشت قبضے میں لے کر ضائع کیا گیا۔

پنجاب فوڈ اتھارٹی نے گوجرانوالا میں کارروائی کرتے ہوئے دو لاکھ سے زائد مزید گندے انڈے پکڑلیے،صوبائی وزیرصحت کی موجودگی میں گندے انڈوں کو تلف کردیا گیا،حکام کے مطابق اب تک 30 لاکھ سے زائد گندے انڈے تلف کیے گئے ہیں۔

لاہور کے علاقے ٹھوکر نیاز بیگ پر دودھ کی گاڑیوں کی چیکنگ شروع کردی گئی ہے،حکام کے مطابق ناقص کوالٹی کا دودھ فوری تلف کیا جائے گا،جبکہ مضر صحت دودھ فروخت کرنے والوں کو فوری جرمانہ کیا جائے گا.

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔