ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار،قلات کا درجہ حرارت منفی 7 ہو گیا

ملک بھر میں سردی کی شدت برقرار،قلات کا درجہ حرارت منفی 7 ہو گیا


اسلام آباد (24نیوز) استور،ہنزہ اورنگر سمیت شمالی علاقوں میں برف باری جاری رہی، پہاڑوں پرسفیدی چھاگئی,ملکہ کوہسارمیں بادل سڑکوں پر آگئے،قلات،مالم جبہ ،کالام،پارہ چنار اورچترال میں منفی درجہ حرارت برقرار رہا، سردی کی شدت بڑھ گئی۔

تفصیلات کے مطابق شمالی علاقے آج کل شدید سردی کی لپیٹ میں ہیں استور،ہنزہ ،نگر،کالام،مالم جبہ،چترال اور دیگرعلاقوں میں پہاڑ برفباری سے سفید ہوگئے ہیں، سردی کی شدت بڑھنے کے باعث لوگ گھروں میں محصور ہوکر رہ گئے کمروں میں آگ تاپ کر وقت گزار رہے ہیں۔

مری میں بھی سردی کی شدت برقرار ہے بادل پہاڑوں پر تومنڈلا ہی رہے تھے مگر اب تو سڑکوں پربھی بسیراکرتے نظرآتے ہیں جس سے سیاح خوب محظوظ ہورہے ہیں مالم جبہ میں منفی 06، اسکردو04، پارہ چنار ،گوپس،کالام قلات اور چترال میں منفی 03 ڈگری سینٹی گریڈ رکارڈ کیا گیا۔

مکران، قلات اور حیدر آباد ڈویژن میں کہیں کہیں گرج چمک کے ساتھ بارش ہوئی۔ کراچی میں سردی کی شدت میں کمی آگئی آج دن بھرموسم خشک رہےگا۔

محکمہ موسمیات کاکہنا تھا کہ ملک کے بیشترعلاقوں میں آج موسم سرد اور خشک رہے گا راولپنڈی ڈویژن،اسلام آباد ،کشمیر اور گلگت بلتستان میں کہیں کہیں بارش اور پہاڑوں پر برفباری کا امکان ہے۔