الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے گا

الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کیلئے ٹیمیں تشکیل دے گا


اسلام آباد (24نیوز) الیکشن کمیشن انتخابی ضابطہ اخلاق پر عملدرآمد کو یقینی بنانے کے لیے پہلی مرتبہ ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کے لیے ٹیمیں تشکیل دے گا,خلاف ورزی کی رپورٹ ہونے کی صورت میں ضلعی مانیٹرنگ آفیسر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرے گا۔

تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کے ذرائع نے بتایا کہ سیاسی جماعتوں کی جانب سے بڑھتی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزیوں کو اب الیکشن کمیشن مانیٹر کرے گا, مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل کرنے کا طریقہ کار واضع کر دیا گیا ہے, تشکیل شدہ مانیٹرنگ ٹیم الیکشن کمیشن کی طرف سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کو مانیٹر کرے گی,ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کے لیے ہر حلقے میں دو ارکان پر مشتمل کمیٹی بنائی جائے گی۔

کمیٹی حلقے میں چلائی جانے والی پارٹیز اور امیدواروں کی مہم کو مانیٹر کرے گی۔ کمیٹی نے اگر کسی کو بھی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا مرتکب پایا تو وہ ضلعی مانیٹرنگ آفیسر کو وہ رپورٹ کرے گی, ضلعی مانیٹرنگ آفیسر ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف کاروائی کرے گا,مانیٹرنگ ٹیموں کو انتخاب سے قبل ٹریننگ دی جائے گی۔

ضابطہ اخلاق کو مانیٹر کرنے والی ٹیموں کے ایس او پیز بھی بنائے جائیں گے,ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کے لیے بنائی جانے والی کمیٹی کو الیکشن ایکٹ دوہزار سترہ کی شق دو سو چونتیس کے تحت قانونی حثیت حاصل ہے,ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کمیٹی کا ضمنی انتخابات میں آزمائشی بنیاد پر تجربہ بھی کیا جائے گا۔