پی ٹی آئی رہنما عزیز اللہ جان کی آصف زرداری سے ملاقات، پی پی پی میں شمولیت کا اعلان


اسلام آباد(24نیوز) نوشہرہ سے تحریک انصاف کے رہنما عزیز اللہ جان کی سابق صدر آصف زرداری سے ملاقات،عزیزاللہ جان نے پی ٹی آئی سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

 پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما آصف علی زرداری سے پی ٹی آئی کے پی کے رہنما اور نوشہرہ کے سابق امیدوار صوبائی اسمبلی عزیز اللہ جان نے زرداری ہاﺅس اسلام آباد میں ملاقات کی۔ اس موقع پر عزیزاللہ جان نے پی ٹی آئی سے مستعفی ہو کر پاکستان پیپلزپارٹی میں شمولیت کا اعلان کردیا۔

 سابق صدر آصف علی زرداری نے عزیزاللہ جان کی پیپلزپارٹی میں شمولیت کا خیر مقدم کیا۔ عزیزاللہ جان نے صدر آصف علی زرداری کی قائدانہ صلاحیت پر اعتماد کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ صدر آصف علی زرداری نے کے پی کے عوام کو شناخت دے کر تاریخی کارنامہ سرانجام دیا تھا آج کے پی کے عوام فخر سے سربلند کرتے ہوئے کہتے ہیں کہ ہمارا تعلق کے پی سے ہے۔

عزیز اللہ جان نے کہا کہ تبدیلی کے جھوٹے نعروں کے ذریعے کے پی کے عوام کو دھوکہ دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کی قیادت ہی اب کے پی کے کے عوام کو روشن مستقبل دے سکتی ہے۔

پیپلزپارٹی کے سیکریٹری جنرل سید نیر حسین بخاری، پیپلزپارٹی کے پی کے صدر ہمایوں خان، بہرامند تنگی، سرتاج خان، ضیااللہ خان آفریدی، ذوالقرنین اور لیاقت شباب بھی موجود تھے۔