کراچی: شارع فیصل پر پولیس مقابلہ، شہری فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق

کراچی: شارع فیصل پر پولیس مقابلہ، شہری فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق


  کراچی (24نیوز) کراچی میں شارع فیصل پر ایک اور مبینہ پولیس مقابلہ ہوا جس میں ایک شہری جاں بحق ہو گیا۔ پولیس کا دعویٰ ہے کہ کار سوار 2 ڈاکوؤں کو زخمی حالت میں گرفتار کرلیا گیا جبکہ ایک ملزم فرار ہو گیا۔ آئی جی سندھ نے پہلے شاباش دی پھر شہری کی ہلاکت پر رپورٹ طلب کرلی۔ وزیرداخلہ سندھ نے بھی نوٹس لے لیا۔

تفصیلات کے مطابق شارع فیصل پی اے بیس کے قریب واقعہ پیش آیا جس میں چوبیس سالہ مقصود فائرنگ کی زد میں آکر جاں بحق ہوا۔  پولیس کا دعوی ہے کہ تین ڈاکو سفید رنگ کی کرولا گاڑی میں ایئرپورٹ سے آنے والوں سے لوٹ مار کررہے تھے کہ پولیس پارٹی پہنچ گئی۔ ڈاکؤوں نے پولیس کو دیکھتے ہی گولیاں چلادیں۔گولیاں چلیں تو رکشے میں سوار مقصود کو جالگیں۔ دو مبینہ ملزمان بھی زخمی حالت میں گرفتار ہوئےاور ایک ملزم فرار ہوگیا۔

پولیس کا دعویٰ ہے کہ شہری پولیس کی نہیں بلکہ ملزمان کی فائرنگ سے جاں بحق ہو۔ افسوس ناک واقعے میں جاں بحق ہونے والے مقصود کے گھر والے جناح ہسپتال پہنچے تو دکھیا بہن نے زخمی حالت میں گرفتار ملزم پر چپلوں کی بارش کردی۔مقصود پانچ بہنوں کا اکلوتا بھائی اور پیشے سے درزی تھا۔ جس کی 25 دنوں بعد شادی ہونے والی تھی۔

وزیرِ داخلہ سندھ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا اور آئی جی سندھ سے رپورٹ طلب کرلی۔ آئی جی سندھ نے پہلے پولیس پارٹی کو شاباشی دیتے ہوئے دو لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا اور بعد میں نوجوان کی ہلاکت پر پولیس سے رپورٹ طلب کرلی۔