پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی، سرمایہ کاروں کے 83 ارب روپے ڈوب گئے


 کراچی (24 نیوز): پاکستان اسٹاک ایکس چینج میں مندی رہی، ہنڈرڈ انڈیکس پانچ سو سے زائد پوائنٹ گر گیا، سرمایہ کاروں کے تراسی ارب روپے ڈوب گئے۔

 

اسٹاک مارکیٹ کاروبار کے مثبت آغاز کے ساتھ ہی مندی کا شکار ہو گئی، جو آخر تک برقرار رہی، کاروبار کے اختتام پر ہنڈرڈ انڈیکس پانچ سو ستائیس پوائنٹ کی کمی سے چالیس ہزار تین سو سولہ پر بند ہوا، تین سو پچاس کمپنیوں کے شئیرز کا کاروبار ہوا، صرف اڑسٹھ کی قیمت میں اضافہ، جبکہ دو سو اٹھاون کی قیمت میں کمی ہوئی۔

 

شئیرز کی خرید و فروخت میں بھی 19 فیصد کمی دیکھی گئی، مجموعی طور پر نو کروڑ اکتالیس لاکھ شئیرز کا لین دین ہوا، مارکیٹ میں شئیرز کی مجموعی مالیت تراسی ارب چونسٹھ کروڑ روپے کی کمی سے تراسی کھرب پینتالیس ارب روپے رہ گئی۔