ریلوے کے مسائل نے شیخ رشیدکی نیندیں اڑادیں

ریلوے کے مسائل نے شیخ رشیدکی نیندیں اڑادیں


اسلام آباد ( 24 نیوز) ریلوے کے مسائل نے شیخ رشید کی نیندیں اڑادیں، شیخ رشیدکاٹویٹ میں کہنا ہے کہ وہ  ریلوے کےمسائل کی وجہ سےرات بھر سو نہیں سکتے۔

وفاقی وزیرریلوےشیخ رشید  احمد نے سماجی رابطے کی ویب سائیٹ ٹوئٹر پر پیغام جاری کیا جس میں ان کا کہنا تھا  کہ ریلوے مسائل کی وجہ سےوہ رات بھر سو نہیں سکتے، جسکی وجہ سے ان کا16 کلو وزن کم ہو گیا ہے۔اپنے ٹویٹرپیغام میں شیخ رشیدنے وعدہ کیا کہ سیاسی بنیادوں پر نوکریاں نہیں دیں گے۔شیخ رشید  نے ریلوے کی آمدنی بڑھانے اور ٹرینوں میں جی پی ایس سسٹم لگانے کا بھی حکم دیا ہے، انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ خالی آسامیوں پر بھرتیاں میرٹ پر کی جائیں گی ۔

اس سے قبل وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید احمد کا لاہور ہیڈکواٹر میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ عوام کی سہولت کے لیے ٹرینوں کے کرائے کم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ بولان میل کی اکانومی کلاس میں 30 دسمبر تک 40 فیصد ڈسکاؤنٹ دیا جائے گا۔ اسی طرح اکبر ایکسپریس اور میانوالی ٹرین کے کرایوں میں بھی کمی کی گئی ہے۔

وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا ہے کہ جن ٹرینوں کو پرایوٹائزیشن سے ریلوے کو منافع حاصل ہو سکتا ہے ان کو ضرور پرائیوٹ کیا جائے گا۔ ہم عوام کی خدمت کرنا چاہتے ہیں لیکن ریلوے کو نقصان نہیں پہنچانا چاہتے۔ 7 ڈویژن کراچی، کوئٹہ، سکھر، ملتان، لاہور راولپنڈی اور پشاور میں وائی فائی ٹریکنگ سسٹم کی سہولت جلد ہی متعارف کروائی جائے گی جبکہ سکھر روہڑی پر وائی فائی کی سہولت فراہم کی جا چکی ہے۔

 شیخ رشید کا کہنا ہے کہ ایک کمانڈ اینڈ کنٹرول سسٹم ریلوے ہیڈ کوارٹر میں نصب کیا جائے گا جس کی مدد سے ہر ٹرین کی نقل وحرکت با آسانی مانیٹر کی جا سکے گی۔ انجنوں کے ساتھ ٹریکنگ سسٹم لگا رہے ہیں۔ جی پی ایس سسٹم متعارف کروا رہے ہیں جس سے عوام ٹرینوں کے صحیح اوقات کار اور لوکیشن معلوم کر سکیں گے۔

 انہوں نے کہا کہ گرین لائن ٹرین میں اگلے دس دنوں میں وائی فائی سہولت میسر ہو گی۔ کوچز کی ریپر کے لیے لوکو شاپ رسالپور اور ورک شاپ ڈویژنوں کو ٹارگٹ بھی دیا اور کوئی کوچ اب خراب کھڑی نہیں ہو گی سب پٹڑی پر ہو گی۔ 60 دنوں میں آمدن 6.7ہو گی ہے۔ کچھ دنوں نے وزیراعظم دو مزید ٹرینوں کا افتتاح کریں گے۔

 شیخ رشید  کا کہنا تھا کہ میانوالی ٹرین کا ٹائم تبدیل کر دیا ہے،  ریلوے کی کیپسٹی پر بات ہوئی ہے۔ فریٹ ٹرینیں کی تعداد بڑھائیں گے۔ ٹاسک فورس بنا دی ہے تاکہ ریلوے آمدن بہتر ہو،  77 ہزار لوگوں کو ریلوے کالونیوں میں پرپیڈ بجلی کے میٹر لگا رہے ہیں۔ ایک سال کا ٹارگٹ دس ارب ریونیو ہے۔

 وفاقی وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ 8 ہزار ریلوے ملازمین کی سمری وزیراعظم کو مستقل کرنے کی بھیجی ہے۔ مزدوروں غریبوں کا وزیر ہوں تمام ورکرز کو ایک گریڈ بڑھانے کی سمری وزیراعظم کو بھیجی ہے۔ ریلوے حادثات کے باعث ریلوے ٹریک کے قریب سکول اور چھوٹے یونٹ 31 دسمبر تک بند کروا دیئے جائیں گے۔

 ان کا مزید کہنا تھا کہ 1700 کلومیٹر پر جتنے ادارے ہیں سب کو بند کر دیں گے۔ سیاسی طور پر الیکشن میں نوکریاں دی گئیں اب میرٹ پر نوکریاں دیں گے۔ کروڑوں کے لوکو موٹو ماضی میں خریدے گئے کوئی ٹریک نہیں بنایا گیا کوشش ہو گی کہ ریلوے کو اپنے پاؤں پر کھڑا کردوں۔