کابل:دہشتگردوں کا ہوٹل پر حملہ،15افراد ہلاک


کابل (24نیوز) افغانستان کے دارالحکومت کابل میں واقع ایک لگژری ہوٹل پر دہشت گردوں کے حملے کے نتیجے میں 15 افرادہلاک اور زخمی ہوگئے جبکہ کئی افراد کو یرغمال بنا لیا گیا۔افغان حکام کا کہنا تھا کہ حملہ آوروں کی تعداد چار ہے اور سیکیورٹی اہلکار ان سے نمٹنے کی کوشش کر رہے ہیں, افغان میڈیا رپورٹس کے مطابق عینی شاہدین نے بتایا کہ انہوں نے مسلح افراد کو کابل کے علاقے باغِ بالا میں واقع ہوٹل کے اندر رات گئے داخل ہوتے ہوئے دیکھا۔

تفصیلات کے مطابق افغان خفیہ ایجنسی کے ایک عہدےدار نے بتایا کہ حملہ آور پہلے ہوٹل کے کچن میں اکٹھے ہوئے اور پھر دیگر حصوں پر پھیل گئے جبکہ انہوں نے ہوٹل کی عمارت کے مختلف حصوں میں آگ بھی لگادی۔نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کے عہدےدار نے مزید بتایا کہ ہوٹل کے اندر موجود افراد دوسری منزل میں پناہ لیے ہوئے ہیں۔

ترجمان افغان وزارت داخلہ کے مطابق ہوٹل سے کچھ افراد کو نکال لیا گیا ہے اور ہوٹل کی پہلی اور دوسری منزل کو محفوظ بنا دیا گیا ہے جبکہ عمارت کی چوتھی اور پانچویں منزل کو کلیئر کیا جا رہا ہے۔رات گئے تک سیکیورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان مقابلہ جاری رہا اور صبح ایک بار پھر ہوٹل کے اندر فائرنگ سنی گئی، ہوٹل کا11 گھنٹے سے محاصرہ جاری ہے ،اب تک کسی گروپ نے حملے کی ذمے داری قبول نہیں کی۔

عینی شاہد کے مطابق متعدد افراد دہشت گردوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوئے ہیں، برطانوی میڈیا کے مطابق حملے میں بیس سے زائد افراد مارے گئے.