گلگت بلتستان میں عید نوروز کا اہتمام


گلگت(24نیوز) مقامی انتظامیہ کی جانب سے سٹی پارک گلگت میں نوروز فیملی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا خواتین کے دیسی مزے دار کھانے اور دستکاری کے سٹال لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گئے۔

تفصیلات کے مطابق عید نوروز گلگت بلتستان کا بہت قدیم تہوار ہے۔  بہار کی آمد کے ساتھ عید نوروز کا دن یہاں کے باسیوں کی خوشیاں دوبالا کر دیتا ہے۔

 اس سال حکومت اور مقامی انتظامیہ کی جانب سے پہلی بار گلگت شہر کے سٹی پارک میں تین روزہ نوروز فیملی فیسٹیول کا انعقاد کیا گیا ہے۔ جہاں خواتین نے دیسی کھانے اور گلگت بلتستان کی مقامی دستکاری کے سٹال لگائے ہیں۔

 گلگت بلتستان کی دستکاری جو یہاں کی خواتین گھروں میں تیار کرتی ہیں پاکستان کے علاوہ دنیا بھر میں منفرد حیثیت رکھتی ہے جبکہ روایتی دیسی کھانے بھی لذت میں اپنی مثال آپ ہیں۔

 تین روز تک جاری رہنے والے اس فیسٹیول میں لوگوں کی دلچسپی بھی بڑھ رہی ہے۔ بڑی تعداد میں لوگ اپنے اہل خانہ کے ہمراہ میلے کا رخ کر رہے ہیں اور سٹالز میں رکھی گئی اشیاء میں دلچسپی لے رہے ہیں۔