سعودی عرب میں بارشوں کا سلسلہ جاری، نشیبی علاقے زیرآب، سردی میں اضافہ


ریاض (24 نیوز): سعودی عرب کے شہروں مدینہ منورہ، تبوک اور الباحہ میں موسلادھار بارشوں کا سلسلہ جاری، مکہ مکرمہ، ریاض اور جدہ میں آج بھی بارش ہونے کا قوی امکان ہے۔

 

سعودی عرب کے بعض علاقوں میں بارشوں کا سلسلہ شروع ہو چکا ہے، سب سے زیادہ بارش تبوک، مدینہ منورہ اور الباحہ میں ہوئی جہاں نشیبی علاقے زیر آب آ گئے ہیں اور ٹریفک کا نظام بری طرح متاثر ہو گیا، بارش کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہوگیا۔

 سعودی محکمہ موسمیات کے مطابق آج دوپہر کے وقت جدہ، مکہ مکرمہ اور دیگر علاقوں میں تیز ہوائوں کے ساتھ بارش ہونے کا قوی امکان ہے، بارشوں کا یہ سلسلہ ایک ہفتے تک جاری رہے گا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ کسی بھی ناگہانی صورتحال سے نمٹنے کیلئے امدادی ٹیموں کو الرٹ کردیا گیا۔ تمام سکولوں کو موسم کی غیر یقینی صورتحال کے باعث بند کر دیا گیا۔