عمران، جہانگیر نااہلی کیس، حنیف عباسی نے عدالت میں تحریری جواب جمع کرادیا


اسلام آباد(24 نیوز): عمران خان اور جہانگیر ترین نااہلی کا کیس، لیگی رہنما حنیف عباسی کے وکیل نے تحریری جواب سپریم کورٹ میں جمع کرا دیا۔

پاکستان مسلم لیگ (ن) کے رہنما حنیف عباسی کی جانب سے ٹرسٹ اور بینیفشل آنر کے حوالے سے سپریم کورٹ میں جمع کرائے گئے تحریری جواب میں موقف اپنایا گیا کہ بلیک لا ڈکشنری کے مطابق ٹرسٹ اثاثے کی تعریف میں آتا ہے، جواب کے مطابق ٹرسٹ اور آف شور کمپنی ایسے اثاثے نہیں ہے جو ظاہر نہ کئے جائیں۔

درخواست گزار کا کہنا تھا کہ جہانگیر ترین ٹرسٹ کی آنر شب سے انکار نہیں کر سکتے، آف شور کمپنی عمران خان کی ہدایت پر کام کرتی تھی، اس لیے وہ بھی اس کے براہ راست مالک ہیں۔

تحریری جواب میں عدالت کو بتایا گیا کہ جہانگیر ترین نے اپنے کاغذات نامزدگی میں ٹرسٹ بطور اثاثہ ظاہر نہیں کیا اور عمران خان نے آف شور کمپنی بطور اثاثہ ظاہر نہیں کی۔

حنیف عباسی نے عدالت سے عمران خان اور جہانگیر ترین کو آرٹیکل 62 ایف کے تحت نااہل قرار دینے کی استدعا کی۔