نیب نے شہباز شریف کیخلاف ایک اور ریفرنس تیار کر لیا

 نیب نے شہباز شریف کیخلاف ایک اور ریفرنس تیار کر لیا


لاہور( 24نیوز ) آشیانہ اسکینڈل میں نیب کی جانب سےشہبازشریف کے خلاف ریفرنس تیار کرلیا گیا، شہبازشریف سمیت 4 افراد کے خلاف ریفرنس 24 نومبر کو دائر کئےجانیکا امکان ہے۔

تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے  خلاف آشیانہ اقبال اسکینڈل کا ریفرنس تیار کرلیا گیا، ذرائع کا کہنا تھا کہ شہبازشریف سمیت 4 افراد کے خلاف ریفرنس 24 نومبر کو فائل کئےجانیکا امکان ہے، نیب لاہور کی ٹیم نے ریفرنس سے متعلق چئیرمین نیب کو بریفنگ دیدی، نیب ٹیم کا کہناتھا کہ شہبازشریف نے اختیارات کا غلط استعمال کرتے ہوئے پرائیویٹ افرادکوفائدہ پہنچانے کی کوشش کی۔

ملزم شہباز شریف نے بطوروزیراعلیٰ غیر قانونی طور پر پی ایل ڈی سی کے بورڈ آف ڈائریکٹرز کی طاقت کا غیرقانونی استعمال کیا،شہباز شریف کی شریک ملزم فواد حسن فواد سے باہمی ملی بھگت سے میرٹ پر آنے والی کمپنی کا ٹھیکہ منسوخ کروایا گیا، ملزم نے مبینہ طور پر من پسند کمپنی کو غیر قانونی منافع دینے کی غرض سے ٹھیکہ منسوخ کروایااور اسی کمپنی سے غیرقانونی طور پر مالی فوائد حاصل کئے۔

نیب ذرائع کا کہنا تھا کہ سابق سی ایم ملزم شہباز شریف نے 21 اکتوبر 2014 کو آشیانہ اقبال پراجیکٹ کا ٹھیکہ پی ایل ڈی سی سے ایل ڈی اے کو منتقل کرنیکا حکم دیا، ان اقدامات سے پی ایل ڈی سی کے وجود کی نفی ہوتی نظر آئی اور حکومتی خزانے کا کروڑوں کا نقصان پہنچا۔

ملزم شہباز شریف نے غیرقانونی طور پر ہی ایل ڈی اے کو ٹھیکہ منتقل کرنیکی منظور ی دلوائی جبکہ اس وقت کے ڈی جی ایل ڈی اے احد خان چیمہ تھے، ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ اس طرح پبلک پارٹنر شپ کے تحت ٹھیکہ منظورنظر میسرز بسم اللہ انجینئرنگ کو دے دیا گیا جو پیراگون کی پراکسی کمپنی تھی۔