’’ابھی دھرنا شروع نہیں ہوا حکومت کا رنگ زرد پڑ گیا ہے‘‘

’’ابھی دھرنا شروع نہیں ہوا حکومت کا رنگ زرد پڑ گیا ہے‘‘


اسلام آباد ( 24 نیوز ) امیر جماعت اسلامی سراج الحق کا کہنا ہے مقبوضہ کشمیر کی موجودہ صورتحال پر عالمی کشمیر کانفرنس منعقد کروا رہے ہیں، دھرنے کے حوالے سے کہا اسلام آباد سب کا ہے، ابھی دھرنا شروع نہیں ہوا حکومت کا رنگ زرد پڑ گیا ہے۔

جماعت اسلامی کے امیر سینیٹر سراج الحق نے اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا جماعت اسلامی دو روزہ عالمی کشمیر کانفرنس منعقد کروا رہی ہے۔ کانفرنس کا مقصد کشمیریوں کی آواز عالمی دنیا تک پہنچانا ہے۔ ملک کی سیاسی صورتحال نے مسئلہ کشمیر سے توجہ ہٹا دی ہے۔ سراج الحق نے مقبوضہ کشمیر میں بھارتی مظالم کا ذکر کرتے ہوئے کہا اٹھارہ ہزار کشمیریوں کو اغوا کر کے بھارت منتقل کیا جا رہا ہے، ساڑھے تین سو کشمیری لڑکیوں کو اغوا کیا گیا ہے۔ بھارت اگر مقبوضہ کشمیر میں کامیاب ہو گیا تو اس کا اگلا ہدف مظفرآباد اور اسلام آباد ہوگا۔

وزیراعظم کے استعفے کے مطالبے کے سوال پر سراج الحق نے کہا وزیر اعظم خود عمران خان کو  ٹیپو سلطان بننے کی بات کرتے ہیں مگر ان کے اردگرد میر جعفر و صادق بیٹھے ہیں۔ ملک میں دھرنے، احتجاج اور مارچ نیا کام نہیں ہے۔ دھرنے کو منع کرنا سڑک بند کرنا حکومت کا کام ہے، اسلام آباد سب کا ہے سب یہاں آسکتے ہیں۔ ابھی دھرنا شروع نہیں ہوا لیکن حکومت کا رنگ زرد پڑ گیا ہے۔