’’فیصلہ جو بھی آئے، قائد نوازشریف ہوں گے‘‘ ن لیگ کا ردِ عمل


اسلام آباد (24 نیوز) میاں نوازشریف کی بطور پارٹی سربراہ نااہلی پر ن لیگ کے رہنماؤں نے شدید ردعمل کا اظہار کیا ہے۔ مریم نواز نے فیصلہ پر ناپسندیدگی کا اظہار ٹویٹر پر کیا۔ خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ اس فیصلہ سے سیاست کا دھارا نہیں بدلے گا۔ مشاہد اللہ خان نے کہا ہے کہ ن لیگ کے قائد نواز شریف ہی رہیں گے۔

تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے نواز شریف کو پارٹی صدارت سے نااہل کرنے کے فیصلہ پر ن لیگ کے رہنماؤں نے سخت ردعمل کا اظہار کیا۔ مریم نواز نے ٹویٹر پر اپنے والد میاں نوازشریف کی ایک تصویرشیئرکی ہے جس پر لکھا ہے کہ ’’میں بھی نواز ہوں‘‘۔

وزیر مملکت عابد شیر علی نے فیصلہ کے بعد ٹویٹ کی کہ ’’فیصلہ نامنظور‘‘۔ عابدشیرعلی کے اس ٹویٹ کو مریم نواز نے بھی ری ٹویٹ کیا۔

ن لیگ کے سیکریٹری اطلاعات مشاہد اللہ خان کا کہنا تھا کہ فیصلہ جو بھی آیا ہے ن لیگ کے قائد نوازشریف ہی ہوں گے۔ نوازشریف ن لیگ کے نہیں قوم کے لیڈر ہیں۔ نوازشریف اسی تواتر کے ساتھ جلسوں سے خطاب کریں گے۔

یہ بھی پڑھئے:میاں نواز شریف پارٹی صدارت کیلئے نااہل قرار

وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے ٹویٹر پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جو د ل میں بس رہا ہے حکومت اسی کی ہے۔ نا اہلیاں، جلا وطنیاں، دھمکیاں، الزامات، سازشیں اور مقدمات سیاست کا دھارا بدل سکے نہ بدل سکیں گے۔