مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹس جاری کردیے

مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹس جاری کردیے


اسلام آباد (24نیوز) مسلم لیگ ن نے سینیٹ انتخابات کیلئے امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹس جاری کردیے ہیں، نئے ٹکٹس چیئرمین مسلم لیگ ن راجہ ظفرالحق کے دستخطوں سے جاری ہوئے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد سابق صدر مسلم لیگ ن نواز شریف کی جانب سے بطور پارٹی صدر کیے جانے والے تمام فیصلے کالعدم قرار پائے جس کے باعث سینیٹ امیدواروں کے ٹکٹس بھی بے وقعت ہوگئے۔ سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد مسلم لیگ ن نے سینیٹ کیلئے امیدواروں کو نئے پارٹی ٹکٹس جاری کردیے ہیں، یہ ٹکٹس پارٹی چیئرمین راجہ ظفرالحق نے جاری کیے۔
الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ ظفرالحق نے کہا کہ پارٹی چیئرمین کو ٹکٹس جاری کرنے کا اختیار ہے اس کے علاوہ صدر یا سنٹرل ورکنگ کمیٹی کسی کو اختیار دے تو وہ شخص ٹکٹ جاری کرسکتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مسلم لیگ ن کے عارضی صدر کیلئے مشاورت جاری ہے۔ قبل ازیں مسلم لیگ ن کے چیئرمین راجہ ظفرالحق، انوشہ رحمان اور ڈاکٹر طارق فضل چوہدری الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور امیدواروں کو جاری کیے گئے نئے ٹکٹس جمع کرائے۔