پی ایس ایل تھری کا آغازآج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا

پی ایس ایل تھری کا آغازآج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہوگا


دبئی (24نیوز)چوکے چھکے لگیں گے،وکٹیں اڑیں گی، دلوں کی دھڑکنیں تیزہوں گی توکبھی رکیں گی، پی ایس ایل تھری کا آج دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں آغازہوگا،لیگ کی افتتاحی تقریب میں ملک کے نمایاں فنکاراپنی جلوے بکھیریں گے،لیگ کی افتتاحی تقریب اور میچز دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی دیکھے جائیں گے۔
تفصیلات کے مطابق انتظار کی گھڑیاں ختم ہونے کو ہیں، دبئی انٹر نیشنل اسٹیڈیم میں رنگا رنگ افتتاحی تقریب سے پی ایس ایل تھری کا آغاز ہو گا،رنگا رنگ افتتاحی تقریب میں معروف گلوکارہ عابدہ پروین اپنے فن کا مظاہرہ کریں گی،علی ظفر اور شہزاد رائے بھی کرکٹ متوالوں کا جوش و جذبہ بڑھائیں گے۔
بلال اشرف اور حریم فاروق بھی شائقین کرکٹ کا لہو گرمائیں گے، پی ایس ایل کی افتتاحی تقریب اور لیگ کے تمام میچز دنیا کے دیگر ممالک کے ساتھ ساتھ بھارت میں بھی دیکھے جاسکیں گے،پہلا موقع ہو گا جب پی ایس ایل تھری کے میچز لائیو اسٹریمنگ کے ذریعے بھارت میں دیکھے جائیں گے۔
تیسرے ایڈیشن کا افتتاحی میچ دفاعی چیمپئین پشاور زلمی اور پہلی مرتبہ ایونٹ میں حصہ لینے والی ٹیم ملتان سلطان کے درمیان کھیلا جائے گا۔