بیرونی قرضوں کی واپسی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید کمی

بیرونی قرضوں کی واپسی سے زرمبادلہ کے ذخائر میں مزید کمی


 کراچی(24نیوز)  بیرونی قرضوں کی واپسی سے زرمبادلہ کے ذخائر مزید کم ہو گئے، ایک ہفتے میں 14 کروڑ ڈالر کم ہو گئے، مالی سال میں ساڑھے چار ارب ڈالر سے زیادہ کی کمی ہو چکی ہے۔

اسٹیٹ بینک کے مطابق گزشتہ ہفتے کے دوران غیر ملکی قرضوں کی واپسی سود اور دوسری سرکاری ادائیگیوں کے باعث مرکزی بینک کے ذخائر میں 13 کروڑ 2 لاکھ ڈالر کی کمی ہوئی، جبکہ اس دوران کمرشل بینکوں کے پاس ڈالروں میں بھی 92 لاکھ ڈالر کی کمی رکارڈ کی گئی، جس کے باعث زرمبادلہ کے مجموعی ذخائر 13 کروڑ 94 لاکھ ڈالر کی کمی سے 18 ارب 82 کروڑ 87 لاکھ ڈالر رہ گئے۔

فروری کے دوسرے ہفتے کے اختتام پر مرکزی بینک کے پاس ڈالروں کا حجم 12 ارب 70 کروڑ 37 لاکھ ڈالر اور کمرشل بینکوں کے پاس 6 ارب 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر رہ گیا۔ رواں مالی سال کے دوران اب تک تین ارب ڈالر سے زائد کے نئے قرضوں کے باوجود مرکزی بینک کے پاس زرمبادلہ کی ذخائر میں 4 ارب 55 کروڑ ڈالر کی کمی ہو چکی ہے۔