سانحہ ساہیوال پر اٹھنے والے سوالات


ساہیوال( 24نیوز ) سانحہ ساہیوال پر جہاں پوری قوم سوگوار ہے تو سوشل میڈیا پر سوالات بھی اٹھائے جارہے ہیں،سکیورٹی اداروں کی کارکردگی پر انگلیاں بھی اٹھائی جارہی ہیں۔

یاد رہے قومی شاہراہ پر ساہیوال کے قریب پنجاب پولیس کی انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے مبینہ مقابلے میں دو خواتین سمیت چار افراد کو موت کی گھاٹ اتار دیا تھا۔

پولیس حکام اور حکومت کی جانب سے جاری کی گئی تفصیلات نے بہت سے سوالات اور مفروضوں کو جنم دیا ہے،کیا مبینہ پولیس مقابلے میں مارے جانے والا خاندان دہشت گرد تھا؟کیا گاڑی کے شیشے واقعی ہی کالے تھے؟کیا پولیس اہلکاروں کو گاڑی میں خواتین کی موجودگی کا علم نہیں ہوا؟اس واقعے میں ذیشان کا کیا کردار تھا؟کیا پولیس کو گاڑی سے خودکش جیکٹ اور اسلحہ ملا؟

ان سوالات کے جوابات کی تلاش جاری ہے،پنجاب پولیس کی جانب سے جاری ہونے والے مراسلے میں بیانات اور جوابات کے ساتھ ساتھ مقامی میڈیا پر چلنے والی سی سی ٹی وی فوٹیج اورعینی شاہدین کی جانب سے منظرعام پر آنے والی ویڈیوز کی روشنی میں ان سوالوں کے جواب مل سکتے ہیں۔

واضح رہے سی ٹی ڈی کی کارروائی کی جانچ اور ساہیوال واقعہ کی تحقیقات کیلئے بنائی گئی جے آئی ٹی آج اپنی رپورٹ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو پیش کرے گی۔