پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز ، شاہینوں نے گورے شیروں کو سبق سکھانے کی حکمت عملی طے کرلی

پاک انگلینڈ ٹیسٹ سیریز ، شاہینوں نے گورے شیروں کو سبق سکھانے کی حکمت عملی طے کرلی


اسلام آباد(24نیوز) شاہینوں نے ہوم آف کرکٹ لارڈز میں گورے شیروں کو سبق سکھانے کی حکمت عملی طے کرلی ، فٹنس مسائل سے دوچار محمد عامر کو میدان میں اتارنے پر غور کیا جارہا ہے تو بیٹنگ لائن میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
شاہینوں نے ہوم آف کرکٹ لارڈز کے تاریخی میدان پر 2016 کی تاریخ دہرانے کی حکمت عملی بنالی ، آسٹریلیا کے ہاتھوں ٹیسٹ سیریز میں شکستوں کے زخموں سے چور انگلش ٹیم کو قابوکرنے کے لئے قومی ٹیم انتظامیہ نے حکمت عملی بنالی ۔
ٹیم ذرائع کے مطابق فٹنس مسائل میں بہتری کے بعد فاسٹ باؤلر محمد عامر کو لارڈز کے میدان میں اتارنے پر سنجیدگی سے غور کیا جارہا ہے ، اس اہم ٹیسٹ میچ کے لئے ٹیم میں راحت علی کی جگہ حسن علی کو بھی موقع دینے پر غور جاری ہے ۔
ذرائع کے مطابق لارڈز ٹیسٹ کے لئے آئرلینڈ کے خلاف ڈبلن کی مشکل بیٹنگ کنڈیشنز میں کامیابی حاصل کرنے والی ٹیم کی بیٹنگ لائن اپ میں کوئی تبدیلی نہ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
پاکستان اور انگلینڈ کی ٹیموں کے درمیان پہلا ٹیسٹ میچ لارڈز کے تاریخی میدان پر جمعرات سے شروع ہو گا۔


وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔