تربت میں ایف سی کا آپریشن، 2 دہشتگرد ہلاک، 1 اہلکار شہید


کوئٹہ( 24نیوز): تربت میں ایف سی کے آپریشن کے دوران 2 شرپسند ہلاک،ایک سکیورٹی اہلکار شہید جبکہ تین زخمی ہوگئے۔

 

تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے ضلع تربت سے گزشتہ ہفتے 20 افراد کی لاشیں برآمد ہوئیں جنہیں گولیاں مار کر قتل کیا گیا جب کہ تمام افراد کا تعلق پنجاب سے تھا۔لاشیں برآمد ہونے کے بعد ایف سی نے تربت میں آپریشن کیا جس میں بی ایل ایف کا اہم کمانڈر یونس توکلی مارا گیا۔

سیکیورٹی ذرائع کے مطابق منگل کے روز ایف سی نے خفیہ اطلاع پر تربت میں سرچ آپریشن کیا تو علاقے میں موجود شرپسندوں نے اہلکاروں پر فائرنگ کر دی جس کے بعد فورسز کی بھرپور جوابی کارروائی میں 2 شر پسند ہلاک ہوگئے۔

سیکیورٹی ذرائع نے بتایا کہ شرپسندوں سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک ایف سی اہلکار شہید اور 3 زخمی بھی ہوئے جب کہ علاقے میں مزید شرپسندوں کی موجودگی کے شبے میں قریبی علاقوں میں بھی آپریشن کیا جارہا ہے۔