یوٹیلٹی سٹورزپراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ

یوٹیلٹی سٹورزپراشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ


(شہزاد خان ابدالی) مہنگائی میں پسے عوام کومہنگائی ہی کےمزید جھٹکے دےدیئے گئے،یوٹیلٹی سٹورزپراشیائے ضروریہ چائے،سرف،واشنگ بار،نوڈلز،چکن سوپ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کردیا گیا،قیمتیں 5 روپےسے 127روپے تک بڑھادی گئیں۔

تفصیلات کے مطابق مہنگائی کاسونامی یوٹیلٹی سٹورز میں پہنچ گیا، یوٹیلٹی سٹورز پر مہنگائی کا بم پھوٹتے ہی اشیائے ضروریہ کی قیمتیں آسمان سے باتیں کرنے لگیں،مختلف کمپنیوں کی چائے کے نرخ ایک سو ستایئس روپے فی کلوگرام بڑھنے سے شہریوں کو چسکیاں پڑیں اب مزید مہنگی، اسی طرح سرف کی قیمتیں بھی پندرہ سے انتیس روپے تک بڑھ گئیں جبکہ نرم وملائم لوشن دس سے پندرہ روپے مہنگے ہوگئے ہیں ۔

اسی طرح نہانے کے صابن کی قیمتیں دو سے چھ روپے تک بڑھ گئیں جبکہ نوڈلز اور چکن سوپ پانچ سے سولہ روپے تک مہنگا ہوگیا،اسی طرح مختلف کمپنیوں کے کسٹرڈ پاوڈر،کیچپ ،گارلک سوس کے نرخ پانچ سے دس روپے تک بڑھ گئے، یوٹیلٹی سٹورز پر اشیائے ضروریہ کی قیمتوں میں ہوشربا اضافے پر شہریوں نے تبدیلی سرکار کو آڑے ہاتھوں لیتے قیمتیں واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے۔