سرگودھا کی 'شمع' کا چینی پروانہ مل گیا

سرگودھا کی 'شمع' کا چینی پروانہ مل گیا


سرگودھا(ویب ڈیسک)ہمالیہ سے بلند اور سمندر سے گہری پاک چین دوستی اب ” محبت “ میں بدلتی جا رہی ہے۔ دونوںدوست ممالک کی سفارتی دوستی کی تو دنیا مثال دیتی ہے،سی پیک کے معاشی اثرات مرتب ہوں نہ سماجی اثرات ضرور پڑ رہے ہیں۔
پہلے پاکستان میں یہ ہوتا رہا کہ بیرون ممالک کی لڑکیاں پاکستانی لڑکوں پر مر مٹ کر شادی رچاتی رہی ہیں،کچھ تو ایسی ہیں جن کی محبت کامیاب نہ ہوسکی ،حال ہی میں بھارت سے ننکانہ صاحب یاتر ا کیلئے آنیوالے خاتون نے راوی کے پل پر لاہور کے اعظم کو دل دے بیٹھی اور اسلام قبول کرکے اس سے شادی کرلی اب پاکستانی شہریت کیلئے درخواست دے چکی ہیں۔
اس سے تھوڑا سا پیچھے جائیں تو علی امین پر چین کی ڈولی فدا ہوکر پاکستان آگئی تھی ،ذرا پیچھے جائیں تو سب سے مشہور محبت کی کہانی پاکستانی ڈاکٹر حسنات اور برطانوی لیڈی ڈیانا کی ہے۔ دونوں کی محبت شادی کے بندھن تک پہنچنے سے پہلے ہی ختم ہوگئی۔ سابق کرکٹر اور موجودہ سیاستدان عمران خان سے گولڈ اسمتھ کی بیٹی جمائما نے محبت کی۔ جمائما اسمتھ سے جمائما خان بنی، دو بچوں کوجنم دیا مگر پھر دونوں کی شادی کا بندھن نو سال بعد ٹوٹ گیا۔

بھارت کی ٹینس کوئین ثانیہ مرزا پاکستانی شعیب ملک کو دل دے بیٹھی۔ پھر ملک بھی پوری شان سے پڑوس ملک سے بیاہ لائے۔ سوئنگ کے سلطان وسیم اکرم نے آسٹریلوی شنیرا سے شادی کی اور کامیابی سے نبھا رہے ہیں، اسی طرح اور بھی بہت ساری مثالیں ہیں۔


ویسے تو سوشل میڈیا کو رابطوں اور دوستیوں کا ذریعہ کہا جاتا ہے، لیکن آج کل یہی دوستیاں دو قدم مزید آگے بڑھ کر رشتے داریوں میں بھی تبدیل ہو رہی ہیں، خصوصاً پاکستان میں اس قسم کے بہت سے کیسز سامنے آ رہے ہیں۔
یہ پہلی بار ہوا ہے کہ پاکستانی لڑکی نے چین کے بابو کو دل دے دیا ہے،خبر یہ ہے کہ سرگودھا کی شمع نے چین سے تعلق رکھنے والے 26 سالہ بدھیو سے شادی کرلی ہے،پاکستانی شمع کی عمر اکیس سال ہے،بدھیو اور شمع کی دوستی سوشل میڈیا پر ہوئی اور انہوں نے رشتہ ازدواج میں منسلک ہونے کا فیصلہ کرلیا۔
جس کے بعد بدھیو اپنی بہنوں کے ہمراہ بیاہ رچانے سرگودھا پہنچ گئے،بدھیو اور شمع کی شادی روایتی پاکستانی انداز میں ہوئی، جہاں دلہن کی بہن اور سہیلیوں کی طر ف سے راستہ رکوائی اور دودھ پلائی کی رسم بھی کی گئی۔
اس موقع پر اس وقت دلچسپ صورتحال پیدا ہوگئی، جب دلہا کی بہنوں نے دودھ پلائی کی رسم کے دوران چینی کرنسی دی، لیکن دلہن کی بہنوں نے پاکستان کرنسی کی ڈیمانڈ کردی،یہی نہیں شادی میں خصوصی طور پر دلہے کی پسند کا چائنیز کھانا بھی تیار کیا گیا تھا۔
شادی کی رسموں کے دوران دلہے میاں جہاں بہت خوش نظر آئے، وہیں ان کے چہرے سے کچھ گھبراہٹ بھی عیاں تھی، لیکن دلہن صاحبہ نے شادی کی تقریب کے ہر ہر لمحے سے بھرپور لطف اٹھایا۔