گلگت ،  جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا

گلگت ،  جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ کا آغاز ہوگیا


گلگت (24 نیوز)  جشن بہاراں پولو ٹورنامنٹ شروع ہو گیا ہے، ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا ، افتتاحی میچ جی بی سکاؤٹس نے جیت لیا.

شاہی پولو گراؤنڈ گلگت میں جشن بہاراں فری سٹائل پولو ٹورنامنٹ شروع ہو گیا ہے. ٹورنامنٹ میں گلگت بلتستان کے دس اضلاع سے کل 40 ٹیمیں شرکت کر رہی ہیں. جشن بہاراں افتتاحی میچ کے موقع پر ٹورنامنٹ میں شریک ٹیموں نے مارچ پاسٹ کا مظاہرہ کیا. افتتاحی میچ گلگت بلتستان سکاؤٹس کی سی ٹیم (جی بی سکاؤٹس ) سی اور پی ڈبلیو ڈی بی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جسے جی بی سکاءوٹس کی سی ٹیم نے دو گول کے مقابلے میں 9 گول سے جیت لیا .

افتتاحی تقریب کے مہمان خصوصی صوبائی وزیر سیاحت کھیل و ثقافت فدا خان تھے جنہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ صوبائی حکومت کھیلوں اور تفریحی سہولیات کے فروغ کیلئے تمام وسائل بروئے کار لا رہی ہے تاکہ علاقے میں سیاحت کے شعبے کو فروغ دیا جا سکے. ان کا کہنا تھا کہ فری سٹائل پولو کو ملکی اور بین الاقوامی سطح پر متعارف کرانے کےلئے بھی اقدامات کر رہے ہیں. 

شائقین پولو کی بڑی تعداد نے افتتاحی تقریب میں شرکت کی اور میچ سے لطف اندوز ہوئے. ٹورنامنٹ 4 مئی تک جاری رہے گا. 

Malik Sultan Awan

Content Writer