ملک بھر میں موسم سرد اور خشک رہے گا: محکمہ موسمیات


اسلام آباد (24نیوز) گزشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران ملک بھرمیں موسم سرد اور خشک رہا، محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیش گھنٹوں میں بھی موسم کی یہی صورتحال برقرار رہنے کی پیشگوئی کی ہے۔

تفصیلات کے مطابق پاکستان کے میدانی علاقوں میں بارش کا سلسلہ تھم گیا، دھند چھٹنے اور سورج نکلنے سے سردی کی شدت کم ہوگئی، موسم خوشگوار ہوگیا، لیکن پہاڑوں پر ابھی برفباری کا سلسلہ جاری ہے۔

گزشتہ چوبیش گھنٹوں کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک رہا، لاہور اور اسلام آبادسمیت بیشتر شہروں میں شہری دھوپ انجوائے کرتے رہے،ملتان اور نارووال میں دھند چھائی رہی، حدنگاہ کم ہونے سے ٹریفک کی روانی متاثر ہوئی، تیز اور ٹھنڈی ہوائوں سے سردی کی شدت بڑھ گئی۔

کراچی کا موسم کبھی ٹھنڈا تو کبھی گرم صبح کے وقت ہلکی خنکی، لیکن دوپہر کے وقت موسم گرم ہوجاتا ہے۔

چلاس اور دیامر میں تین روز سے بدستور برف باری ہورہی ہے، بابوسر ٹاپ، فیری میڈو اور بٹوگاہ ٹاپ پر تین فٹ تک برف پڑ چکی ہے,مقامی لوگوں کو مشکلات کا سامنا ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق گلگت بلتستان میں بعض مقامات پر بارش اور برفباری کا امکان ہے، پنجاب اور سندھ میں دھند پڑنے کا امکان ہے۔