وزیر ریلوے نے رحمان بابا ٹرین کا افتتاح کردیا



پشاور( 24نیوز )وزیر ریلوے نے رحمان بابا ٹرین کا افتتاح کردیا،وزیر ریلوے شیخ رشید احمد نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا ہے کہ چوروں اور لٹیروں کو سزا نہیں ملی تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی،کرپشن کو نہیں پکڑا تو ملک آگے نہیں بڑھے گا۔

وفاقی وزیر ریلوے شیخ رشید کا کہنا ہے لوگ عمران خان کے ساتھ تبدیلی کے لیے کھڑے ہیں ریلوے کی زمینوں پر قبضے ختم کرنے کو کہا ہے ، ریلوے کی زمینوں سے قبضہ ختم کرایا جائے گا، ریلوے نے کمیشن دے دے کر بہت خسارہ بھگت لیا، ٹرین چلے گی تو پاکستان کی معیشت کا پہیہ بھی گھومے گا۔

شیخ رشید نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کا نام لیے بغیر کہا کہ عوام نے اس لیے ووٹ نہیں دیا کہ وہ پبلک اکائونٹس کمیٹی کے چیئرمین بن کر فیڈرل منسٹر والی جھنڈوں والی گاڑیوں میں پھریں، چوروں اور لٹیروں کو سزائیں نہ ملیں تو ملک کی بنیادیں ہل جائیں گی، لوگ عمران خان کے ساتھ اس لیے ہیں کہ ملک میں انقلاب اور تبدیلی آئے۔

وزیر ریلوے نے کہا کہ آنے والے دنوں میں دو نان سٹاپ ٹرینیں چلائیں گے، ہمارے پاس 15 تاریخ تک کراچی کے لیے کوئی ٹکٹ نہیں، پہلی تاریخ کو ایک ماہ کے لیے ونٹر ٹرین چلائیں گے، رحمان بابا ایکسپریس کا کرایہ راولپنڈی لاہور موٹر وے جتنا 1350 روپے رکھا گیا ہے اور یہ ٹرین 34 کے بجائے 24 گھنٹوں میں پشاور سے کراچی پہنچے گی۔

وزیر ریلوے کا کہنا تھا کہ ہم نے سو دنوں میں 20 ٹرینیں چلائی ہیں جو دنیا کی تاریخ میں ریکارڈ ہے اور اس سال مزید 20 ٹرینیں اور چلائیں گے، ایم ایل ون کا فیصلہ چند ہفتوں میں ہوجائے گا جس کے تحت پشاور سے کراچی تمام ریلوے ٹریک تبدیل کیا جائے گا، ٹریک کی تبدیلی کے بعد پشاور سے کراچی ٹرین کی کم سے کم رفتار 160 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی،پشاور تا کراچی ٹرین کی زیادہ سے زیادہ 260 کلومیٹر فی گھنٹہ ہوگی اور کراچی سے پشاور تک 8 گھنٹوں میں پہنچا جا سکے گا۔

اظہر تھراج

Senior Content Writer