اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی

اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی


اسلام آباد(24نیوز)احتساب عدالت اسلام آباد میں اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کردی گئی، استغاثہ کے گواہ انعام الحق کا بیان قلمبند، نیب کی جانب سے ڈار کیس میں ضمنی ریفرنس دائر نہ کیا جا سکا ۔
تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے آمدن سے زائد اثاثہ جات ریفرنس میں اسحاق ڈار کے خلاف کیس کی سماعت کی۔ نیب کی جانب سے ضمنی ریفرنس دائر نہ کیا جا سکا۔ نیب پراسیکیوٹر نے عدالت کو بتایا کہ ریفرنس تیار ہے مجاز اتھارٹی نے منظوری بھی دے دی ہے لیکن آج نواز شریف کیس کی سماعت بھی ہے اس لیے آج جمع نہیں کرایا، پیر کے روز ضمنی ریفرنس دائر کریں گے۔ اسحاق ڈار کے خلاف نیب ریفرنس میں استغاثہ کے گواہ انعام الحق کا بیان قلمبند کر لیا گیا۔
انعام الحق الفلاح کوآپریٹو ہاؤسنگ سوسائٹی کے پراجیکٹ ڈائریکٹر ہیں، گواہ نے بتایا کہ اگست 2017 میں بطور پراجیکٹ ڈائریکٹر الفلاح ہاؤسنگ سوسائٹی کی زمہ داریاں سر انجام دے رہا تھا نیب کے تفتیشی افسر کے پاس پیش ہو کر بیان قلمبند کروایا سوسائٹی کے صدر کا لیٹر اور اسحاق ڈار فیملی کے ممبر شپ فارم تفتیشی افسر کو فراہم کیے۔ تفتیش افسر کو گواہوں کی موجودگی میں ریکارڈ پیش کیا ریکارڈ کے بعد دستخط بھی کیے۔ ممبر شپ فارم اسحاق ڈار تبسم اسحاق اور علی اسحاق ڈار کے تھے۔
اسحاق ڈار نے 2004 سے 2009 تک 23 لاکھ پچاس ہزار روپے دو کنال کے پلاٹ کے لیے ممبر شپ اکاؤنٹ میں جمع کرائے تبسم اسحاق ڈار اور علی مصطفیٰ ڈار کے دو دو کنال کے پلاٹس کے لیے اتنی ہی رقم جمع کرائی گئی۔ عدالت نے کیس کی سماعت 26 فروری تک ملتوی کردی۔