وزیرخزانہ اسحاق ڈار فرار ہونے کی بجائے قانون کا سامنا کریں: پی ٹی آئی

وزیرخزانہ اسحاق ڈار فرار ہونے کی بجائے قانون کا سامنا کریں: پی ٹی آئی


 اسلام آباد (24 نیوز): تحریک انصاف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرار کی بجائے قانون کا سامنا کرنے کا مطالبہ کردیا۔

 

پاکستان تحریک انصاف کی مرکزی قیادت کا اہم اجلاس ہوا، چیئرمین عمران خان نے اجلاس کی صدارت کی۔ اجلاس میں پاک فوج کے میجر اسحاق کی شہادت پر گہرے دکھ کا اظہار اور فاتحہ خوانی کی گئی، جبکہ شہید میجر اسحاق کے درجات کی بلندی اور اہل خانہ کیلئے صبر جمیل کی دعا کی گئی۔ وطن عزیز کے دفاع کیلئے جانوں کا خراج ادا کرنے والے جوانوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا۔ تحریک انصاف نے وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی وطن واپسی میں تاخیر پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے فرار کی بجائے قانون کا سامنا کرنے کا مطالبہ کیا۔

 

اجلاس کے بعد جاری کئے گئے اعلامیے میں کہا گیا کہ احتساب کے عمل کا بغور جائزہ لے رہے ہیں، چاہتے ہیں کہ بے لاگ طریقے سے احتساب کے معاملات آگے بڑھیں۔ قوم ماڈل ٹاؤن اور حدیبیہ کیس کے منطقی انجام کی منتظر ہے، چاہتے ہیں کہ حدیبیہ کیس میں اپیل پر سماعت کی جائے تاکہ معاملہ حتمی طور پر طے ہوسکے۔ پاکستان کے سیاسی بحران کا حل قبل ازانتخاب میں مضمر ہے۔

 

اعلامیے میں کہا گیا کہ ملکی معاشی صورتحال پر تشویش بڑھ رہی ہے۔ صورتحال کے پیش نظر عوامی رابطہ مہم میں مزید شدت اور تیزی لانے کا فیصلہ بھی کیا گیا، جبکہ اجلاس میں مدارس کی قومی دھارے میں شمولیت کے عمل پر بھی گہرا غور و خوض بھی کیا گیا، دینی درسگاہوں کی قومی دھارے میں شمولیت کیلئے علمائے کرام اور مذہبی سیاسی جماعتوں کی معاونت حاصل کرنے کا فیصلہ بھی سامنے آیا ہے۔