چاکلیٹی ہیرو وحید مراد  کی آج پینتیس ویں برسی

 چاکلیٹی ہیرو وحید مراد  کی آج پینتیس ویں برسی


لاہور ( 24 نیوز ) چاکلیٹی ،رومانٹک اور اسٹائلش ہیرو وحید مراد کو مداحوں سے بچھڑے 35برس بیت گئے۔نشیلی آنکھیں، کتابی چہرہ اور مردانہ وجاہت سے بھرپور شخصیت کے حامل وحید مراد نے جذبات اور رومانس کو انوکھے انداز میں پیش کیا، جب پردے پر ابھرتے تو مداح پلک جھپکنا بھول جاتے۔

 پاکستانی فلموں کے چاکلیٹی ہیرو وحید مراد   کی آج پینتیس ویں برسی منائی جارہی ہے۔ وحید مراد نےجذبات اور رومانس کوایسے انداز میں پیش کیا کہ کوئی ہم عصر قریب بھی نہ پہنچ پایا۔ پرستار ان کا لباس، انداز اور ہیئر اسٹائل تک کاپی کیا کرتے تھے۔ وحیدمراد کی شخصیت اور اداکاری کا جادو سر چڑھ کر بولتا تھا۔ ان کا نام فلم کی کامیابی کی ضمانت سمجھا جاتا تھا، پروڈیوسر ان کو کاسٹ کرنےکےلئے سالہا سال انتظارکیا کرتے تھے۔

فلم ہیرا اور پتھر، دیور بھابی، ارمان، انسانیت، دوراہا، نیند ہماری خواب تمہارے، انجمن اوران کی کئی دیگر فلمیں بلاک بسٹر ثابت ہوئیں۔ ان پر فلمائے گئے فلمی گیت آج بھی زبان زد عام ہیں۔فلمی دنیا کا یہ تابندہ ستارہ 23 نومبر 1983 میں محض 45 برس کی عمر میں دنیا سے منہ موڑ گیا لیکن مداحوں کے دلوں میں آج بھی زندہ ہیں۔ وحیدمراد کو نگار ایوارڈ، لائف ٹائم لیجنڈ ایوارڈ اور ستارہ امتیاز سے بھی نوازا گیا۔