سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 12 ارب ڈالر امدادی پیکج کا اعلان

سعودی عرب کا پاکستان کیلئے 12 ارب ڈالر امدادی پیکج کا اعلان


24نیوز: سعودی عرب نے ادائیگیوں کے توازن کیلئے پاکستان کو 3 ارب ڈالر  امداد , 3 ارب ڈالر کا تیل ادھار دینے کے ساتھ ساتھ  پاکستان میں پٹرولیم ریفائنری میں سرمایہ کاری کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

سعودی عرب نے معاشی بحران سے دوچار پاکستان کی مدد کے لیے 3ارب ڈالر کی امداد دینے کا اعلان کردیا۔وزیراعظم عمران خان کے دورہ سعودی عرب کےاعلامیے کےمطابق سعودی عرب سے سالانہ 3 ارب ڈالر مالیت کا تیل ادھار پر لینے کے معاہدے پر عمل درآمد تین سال کیلئے ہوگا۔وزیراعظم نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور محمد بن سلمان سے ملاقاتیں کیں جن میں دوطرفہ معاشی تعاون کیلئے اہم فیصلے کئے گئے۔اعلامیے کے مطابق سعودی عرب نے ادائیگیوں کے توازن کیلئے پاکستان کو تین ارب ڈالر کےتیل کےعلاوہ تین ارب ڈالردینےکابھی فیصلہ کیا ہے۔یہ رقم پاکستان کے اکاؤنٹ میں رکھنے سے پاکستان کے زرمبادلہ کے ذخائر پر دباؤ میں کمی آئے گی، معاہدے کے بعد ڈالر کے مقابلے میں روپے کی قیمت میں استحکام آئے گا۔

اس کےعلاوہ سعودی عرب پاکستان میں آئل ریفائنری منصوبہ لگانے پر بھی رضا مند ہوگیا ہے اور کابینہ سے منظوری کے بعد منصوبے کے معاہدے پر دستخط ہوں گے۔بلوچستان میں معدنیات کی تلاش کیلئے بھی سعودی عرب نے دلچسپی کا اظہار کیا ہے، وفاق اور بلوچستان حکومت معدنیات کی تلاش کے معاملات طے کریں گے۔وفاقی حکومت نے بلوچستان حکومت سے مشاورت کے بعد سعودی وفد کو دورے کی دعوت دینے کا فیصلہ کیا ہے۔جبکہ سعودی ولی عہد نے پاکستانی ورکرز کیلئے ویزا فیس کم کرنے سے متعلق وزیراعظم کی تجویز بھی مان لی ہے۔ 

وقار نیازی

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔