پہلے معافی پھر ووٹ اعتزاز احسن کیلئے کڑی شرط


راولپنڈی( 24نیوز ) مسلم لیگ ن نے اعتزاز احسن کو صدارت کا ووٹ دینے کیلئے کڑی شرط رکھ دی،مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما پرویز رشید نے اڈیالہ جیل کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ سینیٹر اعتزاز احسن جیل آکر سابق وزیراعظم نواز شریف سے معافی مانگیں تو صدارتی انتخاب میں ان کے نام پر غور کیا جائے گا۔
سابق وزیراعظم نواز شریف سے ملاقات کے لیے اڈیالہ جیل آمد کے موقع پر پرویز رشید سے سوال کیا گیا کہ کیا مسلم لیگ (ن) اعتزاز احسن کی بطور صدر نامزدگی کی حمایت کرے گی؟جس پر پرویز رشید نے جواب دیا کہ اعتزاز احسن اڈیالہ جیل آکر نواز شریف سے اپنے الفاظ کی معافی مانگیں، جس دن وہ معافی مانگ لیں گے، اس دن اس بات پر غور کیا جائے گا،مسلم لیگ (ن) نے صدارتی امیدوار کا تاحال فیصلہ نہیں کیا، اتحادی جماعتوں سے صدر کے نام پر مشاورت جاری ہے۔
لیگی رہنما کا مزید کہنا تھا کہ کسی شخص کو اس کی آزادی سے محروم کردینا سب سے بڑی ناانصافی ہے اور نواز شریف ، ان کی صاحبزدای مریم نواز، داماد کیپٹن (ر) صفدر اور ساتھیوں حنیف عباسی اور انجینئر قمر الاسلام کے ساتھ ناانصافی ہوچکی ہے، جنہیں ان کی آزادی سے محروم کردیا گیا ہے،مسلم لیگ (ن) کے تمام کارکن اپنے ساتھیوں کی آزادی کی کوشش کر رہے ہیں۔
واضح رہے کہ 4 ستمبر کو ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے پاکستان پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن کو امیدوار نامزد کیا گیا ہے، تاہم مسلم لیگ (ن) نے ان کی نامزدگی کو مسترد کردیا تھا۔