پاک فوج کا نئے میزائل "نصر" کا کامیاب تجربہ



اسلام آباد (24 نیوز) پاک فوج نے زمین سے زمین پر کم فاصلے تک مار کرنے کی صلاحیت رکھنے والے ایک نئے میزائل نصر کا کامیاب تجربہ کیا ہے، کامیاب تجربے پر صدر وزیر اعظم اور مسلح افواج کے سربراہان نے قوم کو مبارکباد دی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نیا میزائل ملٹی ٹیوب بیلسٹک میزائل "نصر" حتف نائن سیریز کا میزائل ہے۔ جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت والے نصر میزائل کی رینج ساٹھ کلو میٹر بتائی گئی ہے۔ نصر میزائل ہدف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنانے کی صلاحیت رکھتا ہے۔ میزائل کی برق رفتاری اسے ممکنہ ابھرتے خطرات سے نبرد آزما ہونے کی صلاحیت دیتی ہے۔

آئی ایس پی آر کے مطابق نصر میزائل اسٹریٹیجک پروگرام کو وسعت دینے کے لیے تیار کیا گیا ہے اس سے پاک فوج کی آپریشنل صلاحیتوں میں اضافہ ہوگا۔ میزائل تجربے کے موقع پر موجود چیئرمین جائنٹ چیفس آف سٹاف کمیٹی جنرل زبیر محمود حیات نے جدید ویپن سسٹم کی تیاری پر سائنسدانوں اور انجینئرز کو مبارکباد دی اور کہا کہ ہتھیاروں کے جدید سسٹم سے پاکستان کی ڈیٹرنس کی صلاحیت میں اضافہ ہوگا، صدر ، وزیراعظم اور مسلح افواج کے سربراہان نے بھی کامیاب تجربے پر قوم کو مبارکباد دی ہے۔