کراچی، تجاوزات کیخلاف آپریشن پر شہری سراپا احتجاج

کراچی، تجاوزات کیخلاف آپریشن پر شہری سراپا احتجاج


کراچی(24نیوز) سپریم کورٹ کے احکامات پر کراچی میں تجاوزات کے خلاف آپریشن جاری ہے۔  ماڑی پور روڈ پر مشتعل افراد نے ہنگامہ آرائی کی جس کے باعث سرکلر ریلوے کی اراضی واگزار کرانے کا آپریشن ملتوی کرنا پڑا ۔

سپریم کورٹ کے احکامات پر ریلوے حکام پولیس کی بھاری نفری کے ہمراہ ماڑی پور روڈ مچھر کالونی پہنچی تو علاقہ مکین سراپہ احتجاج بن گئے اور ٹائر جلا کر ماڑی پور روڈ کے دونوں ٹریک بلاک کردیئے۔

احتجاج کے باعث ریڈ زون اور ضلع غربی سمیت اطراف میں ٹریفک کا نظام درہم برہم ہوگیا۔مائی کلاچی روڈ، شاہین کمپلیکس، شیرشاہ، گلبائی اور لیاری میں بھی ٹریفک کا شدید دباو رہا ۔ کاروباری مراکز اور دفاتر سے نکلنے والے ہزاروں شہری رل گئے۔شدید احتجاج کے باعث حکام کو آپریشن موخر کرنا پڑا، اس موقع پرمشتعل مظاہرین کا وزیر اعظم عمران خان کو بھی آڑے ہاتھوں لیا، ان کا کہنا تھا کہ خان صاحب کو ووٹ غریبوں کے گھر اجاڑنے کے لئے ہر گز نہیں دیئے۔

رات گئے ٹریفک کا دباؤ تو کم ہوگیا لیکن پولیس اور انتظامیہ کی جانب سے مذاکرات کی کوششیں کامیاب نہ ہوسکیں اور مظاہرین کا موقف ہے کہ متبادل جگہ ملنے تک احتجاج جاری رہے گا۔

سٹاف ممبر، یونیورسٹی آف لاہور سے جرنلزم میں گریجوایٹ، صحافی اور لکھاری ہیں۔۔۔۔