چھٹی جماعت سے بارہویں جماعت تک کا نصاب تبدیل کرنے کا فیصلہ


 لاہور(24نیوز) نصابی کتب کی تبدیلی سے متعلق بڑا فیصلہ، چھٹی جماعت سے لے کر بارہویں جماعت تک کے 41 مضامین کا نصاب تبدیل کرنے کا فیصلہ، وفاقی وزارت تعلیم کی نصابی پالیسی 2006ء کو پنجاب میں نافذ کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا گیا۔

پنجاب کریکولم اینڈ ٹیکسٹ بک بورڈ نے 41 مضامین کی فہرست جاری کر دی ہے۔ بورڈ کی جانب سے جاری کیے گئے نوٹیفکیشن کے مطابق اسلامیات، اخلاقیات، عربی،اردو، انگریزی، ریاضی، جنرل سائنس، کمپیوٹر ایجوکیشن ، تاریخ، جغرافیہ، فزکس، کیمسٹری، بائیولوجی، مطالعہ پاکستان کے نصاب کو تبدیل کیا جائے گا۔

چھٹی جماعت سے لیکر بارہویں جماعت تک فارسی، ہوم اکنامکس، سوکس، فزیالوجی، فوڈ اینڈ نیوٹریشن، ٹیکسٹائل اینڈ کلوتھنگ کے مضامین کا نصاب بھی تبدیل ہوگا۔ ایڈوانسڈ اسلامک سٹڈیز، آرٹ اینڈ ماڈل ڈرائنگ، مسلم ہسٹری، ہسٹری آف سولائزیشن کے مضامین بھی شامل ہیں۔

 فیصلے کے مطابق انوائرنمنٹ سٹڈیز، شماریات، ہسٹری آف ماڈرن ورلڈ، ایجوکیشن، سائیکالوجی، لائبریری سائنس، پاکستان کلچر، انگلش لٹریچر، فائن آرٹس کی درسی کتب تبدیل ہوں گی۔ ایم ڈی ٹیکسٹ بک بورڈ عبد القیوم نے سٹی فورٹی ٹو سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ نئے نصاب کا اطلاق رواں سال سے ہی کیا جائے گا۔